متحدہ عرب امارات

دُبئی میں تین بسوں کے درمیان خوفناک تصادم، 2 افراد ہلاک، کئی افراد زخمی

دُبئی میں کل صبح سویرے ایک بھیانک حادثے کے نتیجے میں 2 افراد کی جانیں چلی گئی ہیں، جبکہ 10 افراد زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گئے ہیں، جن میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ دُبئی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ ایک بس کے بے قابو ہو جانے کے بعد پیش آیا جو دیگر دو بسوں سے ٹکرانے کے بعد اُلٹ گئی۔ یہ حادثہ صبح ساڑھے 6 بجے الخیل روڈ پر پیش آیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی طبی امداد کا عملہ، ایمبولینسز، فائر بریگیڈ کا عملہ اور پولیس پٹرولنگ کی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں ایک بس اُلٹ کر بُری طرح پچک گئی تھی، جس میں سے مرنے والے اور زخمیوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جنرل ڈیپارٹمنٹ برائے ٹریفک پولیس کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر سیف مہیر المزروعی نے بتایا کہ یہ حادثہ تین بسوں کے آپس میں ٹکرانے کے باعث پیش آیا۔

ابتدائی طور پر کی گئی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ ایک بس کے ڈرائیور نے اچانک اپنی لین بدل کر دوسری لین میں آنے کی غلطی کی، تاہم اس کی بس ایک اور بس سے ٹکرانے کے بعد بے قابو ہو کر دوسری بس سے جا ٹکرائی۔ اور پھر سڑک کنارے لگے لوہے کے بیریئر سے ٹکرا کر اُلٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں دو افراد زندگیاں گنوا بیٹھے ہیں اور 10 زخمی ہیں۔

بریگیڈیر المزروعی کا کہنا تھا کہ امارات میں اس نوعیت کے کئی خطرناک حادثات پیش آنے کی وجہ ڈرائیونگ کے دوران بے توجہی کا مظاہرہ کرنا ہے ۔ کئی ڈرائیورز تیز رفتاری سے اپنی لین تبدیل کر کے دوسری لین میں گاڑی لانے کی سنگین غلطی کرتے ہیں۔ آج کا یہ حادثہ بھی اسی غفلت کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button