خلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

ایکسپو سٹی دبئی میں ’’حیی رمضان ‘‘ فیسٹیول کا آغاز 3 مارچ سے ہوگا

خلیج اردو: رمضان سے وابستہ متحدہ عرب امارات اور مسلم دنیا کی قدیم روایات کی جھلک پیش کرتا ہوا حیی رمضان فیسٹیول دبئی میں 3 مارچ سے 25 اپریل 2023 تک جاری رہے گا۔

ایکسپو سٹی دبئی میں منعقد ہونے والے اس 50 روزہ فیسٹیول کے دوران رمضان کے مقدس مہینے میں پرنور ماحول کے ساتھ ساتھ دلچسپ سرگرمیاں اور لذیذ کھانے بھی پیش کیے جائیں گے

اس فیسٹیول کا مقصد لوگوں کو قریب لانا ہے۔ ایکسپو سٹی دبئی کے ایگزیکٹو تخلیقی ڈائریکٹر ، آمنہ ابوالہول کا کہنا ہے کہ "جس طرح ایکسپو 2020 دبئی نے اس سے پہلے ایک بار دنیا کو اکٹھا ہونے کا موقع دیا تھا ، اسی طرح ایکسپو سٹی دبئی کا’ حیی رمضان ‘مقدس مہینے کے دوران مختلف برادریوں کو یکجا کرے گا۔ آپ کو ایک ہی جگہ پر رمضان سے وابستہ دنیا کی مشہور روایات دیکھنے کو ملیں گی۔”

"حیی” عربی زبان کا لفظ ہے جو بیک وقت ، ‘گلی’ اور ‘استقبال’ کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔

ایک ثقافتی سفر
’’حیی رمضان‘‘ ایک ایسا ثقافتی سفر ہے جہاں آپ پوری دنیا کے منفرد تجربات سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ علاقائی اور بین الاقوامی کھانوں سے لے کر اسٹریٹ فوڈ تک سب یہاں دستیاب ہوگا۔ یہاں آپ اپنے پیاروں کے ساتھ مل کر مقدس مہینے کی خوشی حاصل کرسکتے ہیں۔

نماز کے لئے مخصوص مسجد میں ’عشا‘ اور بعد میں ‘تراویح’ اور ‘تہجد’ کا اہتمام کیا جائے گا۔ ’تراویح‘ کے بعد ، قدیم عرب فن ‘حکاوتی’ میں مہم جوئی ، ثقافت ، مذہب اور اخلاقیات پر مبنی کہانیاں اور لوک داستانیں پیش کی جائیں گی۔

روایتی ‘مسحراتی’- ڈھول بجا کر سحری کے لیے بیدار کریں گے۔

الوصل پلازہ ایکسپو فیملی تھیٹر شو پیش کرے گا جہاں آپ 2020 کے حیی فیسٹیول کے معروف راشد اور لطیفہ کو دیکھ سکیں گے۔ بچوں کے لیے اماراتی ثقافت اور رمضان کی اقدار کے بارے میں جاننے کے لئے ورکشاپس اور کھیلوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینے کے لئے کھیلوں کے ٹورنامنٹ اور فٹنس پر مبنی سرگرمیاں بھی پیش کی جائیں گی۔

چند ایک کھیلوں کے علاوہ یہاں تمام سرگرمیاں مفت ہوں گی۔

رات کے وقت آپ یہاں خوشبویات ، تحائف اور ملبوسات کی خریداری بھی کر سکتے ہیں۔ کارپوریٹ افطار بھی میسر ہوگا۔

‘حیی رمضان’ رمضان المبارک کے علاوہ شام 4 بجے سے رات 10 بجے تک ، اور رمضان میں شام 5 بجے سے صبح 2 بجے تک جاری رہے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button