متحدہ عرب اماراتپاکستانی خبریں

پاکستانی قوم کا امارات کی ترقی میں بے پناہ خدمات ہیں، اماراتی سفیر کا یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کو خراجِ تحسین، امارات اور پاکستان کے تعلقات کو بے مثال قرار دے دیا

متحدہ عرب امارات میں 16 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں، جنہوں نے اس ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ جس کی اماراتی قیادت بھی معترف ہے۔ اس حوالے سے پاکستان میں تعینات یو اے ای کے سفیر حمد عبید ابراہیم الزعابی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا پاکستان سے تعلق بے مثال ہے۔پاکستانی کمیونٹی کی متحدہ عرب امارات کی ترقی میں خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

یہ بات انہوں نے پاکستان کی پارلیمان کی کشمیر کے حوالے سے قائم خصوصی کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی سے ہونے والی ملاقات کے دوران کہی۔اُردو نیوز کے مطابق اسلام آباد میں اماراتی سفارت خانے میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے باہمی تعلقات کے علاوہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر شہریار آفریدی نے کہا کہ ’وزیر اعظم عمران خان متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی تعلقات کے فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات اور پاکستان مضبوط تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہیں۔ کوئی طاقت ان رشتوں میں دراڑ نہیں ڈال سکتی۔چیئرمین کشمیر کمیٹی نے اماراتی سفیر سے ملاقات کے دوران اماراتی سفیر کو ایل او سی اورانڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں پیش آنے والے حالیہ واقعات کے بارے میں آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھی امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی شاندار خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں بہترین کارکن قرار دیا تھا اور شاہ محمود قریشی کو یقین دلایا تھا کہ پاکستانیوں پر عائد حالیہ ویزہ پابندی کورونا کی صورت حال کے پیش نظر لگائی گئی ہے، یہ پابندی پاکستان سمیت 13 ممالک پر لگائی گئی ہے۔ جونہی کورونا سے متعلق صورت حال بہتر ہو گی، ویزوں کا دوبارہ اجراء شروع ہو جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button