متحدہ عرب امارات

امارات میں مقیم امیر ترین افراد کی مجموعی دولت 870 ارب ڈالر

مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں امیر ملکوں کی فہرست میں امارات سرفہرست آ گیا ہے۔
امارات میں آباد امیر ترین افراد کی تعداد 83400 تک پہنچ گئی ہے اور ان کی مجموعی دولت 870 ارب ڈالر ہے۔ یہ رقم درہم میں 3.19 ٹریلین بنتی ہے۔

الامارات الیوم کے مطابق نیو ورلڈ ویلتھ نے جو دنیا بھر میں مالدار شخصیات کی دولت سے متعلق اعدادوشمار جمع کرنے میں مہارت رکھتی ہے، نے رپورٹ جاری کرکے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں موجود 31 فیصد دولت مند ایسے ہیں جنہوں نے معاشیات، مالیاتی امور اور اکاؤنٹنگ کے شعبے کی تعلیم حاصل کررکھی ہے۔

22 فیصد انجینیئرنگ، سات فیصد میڈیسن اور چھ فیصد کمپیوٹر اینڈ ٹیکنالوجی سائنس سے تعلق رکھتے ہیں۔
نیو ورلڈ ویلتھ کمپنی نے بتایا کہ گذشتہ بیس برسوں کے دوران امارات دنیا بھر میں امیر تارکین وطن کو اپنے یہاں لانے والے بڑے ملکوں کی فہرست میں بھی شامل ہے۔

اندازہ یہ ہے کہ دو ہزار سے لے کر 2020 تک 35 ہزار سے زیادہ امیر لوگ امارات منتقل ہوئے۔ زیادہ تر کا تعلق انڈیا، مشرق وسطی اور افریقہ سے ہے۔
نیو ورلڈ ویلتھ کا کہنا ہے کہ نقل مکانی کرنے والے امیروں کو امارات مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں سب سے بڑی محفوظ پناہ گاہ لگتا ہے۔

یہاں آمدنی کا تناسب اعلیٰ ہے۔ صحت نگہداشت کا نظام بہترین ہے۔ ٹیکس کی شرح کم ہے۔ علاوہ ازیں یہ انٹرنیشنل بزنس سینٹر بھی بنا ہوا ہے۔
نیو ورلڈ ویلتھ کمپنی کے مطابق خطے میں موجود کل دولت 4.3 ٹریلین ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ تقریبا تین لاکھ 90 ہزار امیر افراد مشرق وسطیٰ میں سکونت پذیر ہیں۔ ان میں سے ہر ایک 10 لاکھ ڈالر یا اس سے زیادہ کا مالک ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button