متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب میں نئے سال کے آغاز پر صرف 3 روز میں پورے سال کی اوسط سے زیادہ بارش ریکارڈ

ریکارڈ اور طوفانی بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیدنگ، چھتیں ٹپکنے لگیں، گھر پانی سے بھر گئے، شہریوں کیلئے الرٹ جاری

متحدہ عرب میں نئے سال کے آغاز پر صرف 3 روز میں پورے سال کی اوسط سے زیادہ بارش ریکارڈ۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں سال 2022 کے آغاز کے بعد صرف 3 دنوں میں سالانہ بارشوں کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 30 دسمبر کے بعد متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں، خاص کر دبئی کے کئی مقامات پر ریکارڈ بارشیں ہوئی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں سالانہ 100 ملی میٹر اوسط بارش ریکارڈ کی جاتی ہے، تاہم دبئی کے کچھ علاقوں میں صرف 3 دن کے دوران سالانہ بارشوں کی اوسط سے زائد، 141 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ دیگر کئی اماراتی علاقوں میں تین دن کے دوران اوسط 70 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق اماراتی ماہرین نے کلاوڈ سیڈنگ ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا جس کی بدولت گزشتہ 3 روز کے دوران معمول سے زائد بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مسلسل اور موسلادھار بارشوں نے ایک طرف موسم شدید سرد کر دیا، تو دوسری جانب شہریوں کو غیر متوقع اور شدید مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ ریکارڈ اور طوفانی بارشوں کے باعث کئی علاقوں کو بجلی کی لوڈشیدنگ کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ بارش کے باعث چھتیں ٹپکنے لگیں، گھر پانی سے بھر گئے۔ اس صورتحال میں نئے سال کے آغاز پر شہریوں کی بڑی تعداد خوشیاں منانے کی بجائے اپنے گھروں سے پانی نکالنے میں ہی مصروف رہی۔ جبکہ اماراتی محکمہ موسمیات نے شہریوں کیلئے الرٹ بھی جاری کر دیا، شہریوں کو تلقین کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر اور ساحلی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کیا جائے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button