متحدہ عرب امارات

امارات میں دو نوجوانوں کی ظالمانہ واردات نے دل دہلا کے رکھ دیئے

امارات میں دو بھائیوں نے ایک بزرگ شخص کو ایسی اذیت ناک موت دی ہے جس نے سب کے دل دہلا کر رکھ دیئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اماراتی ریاست شارجہ میں دو نوجوان عرب بھائیوں نے ایک بزرگ کو اپنی گاڑی سے دھکا دے دیا اور پھر اسے گاڑی کے ٹائروں تلے کُچل کر مار ڈالا۔ پولیس نے یہ واردات انجام دینے والے دونوں بھائیوں کو گرفتار کر لیا ہے، جن کی عمریں 23 سال اور 18 سال ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان افراد نے ایک واردات کے دوران 65 سالہ بزرگ کو اپنی SUV گاڑی سے دھکا دے کر سڑک پر پھینکا اور پھر تسلی سے اسے گاڑی تلے روندتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ اس وحشیانہ واردات کے نتیجے میں یہ معمر شخص سسک سسک کر دم توڑ گیا۔مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے الزام لگایا کہ متوفی بزرگ کی تمباکو مصنوعات کی دُکان تھی۔

یہ دونوں ملزمان چوری کی غرض سے اندر داخل ہوئے اور رقم چرانے کے بعد دُکان سے بھاگ نکلے مگر اس بزرگ نے انہیں واردات انجام دیتے ہوئے دیکھا لیاجو ان کے پیچھے بھاگا۔
دونوں نوجوان اپنی SUV گاڑی میں سوار ہو کر فرار ہو رہے تھے کہ یہ بزرگ بھی دوڑ کر گاڑی میں داخل ہو گیا۔ ایک ملزم نے اس معمر شخص کو گاڑی سے دھکا دے کر سڑک پر پھینکا اور پھر اس پر گاڑی چڑھا دی۔ جس کے نتیجے میں بزرگ شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی سے محروم ہو گیا۔

استغاثہ کی جانب سے ملزمان پر قتل، چوری، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور پولیس کو بزرگ کے زخمی ہونے کی اطلاع نہ دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ملزمان نے اپنی SUV گاڑی کی شناخت چھپانے کے لیے اس کی نمبر پلیٹ بھی تبدیل کر رکھی تھی۔ ان ملزمان پر اس جعلساری کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔ تاہم ملزمان نے اپنے خلاف عائد الزامات کو درست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button