متحدہ عرب امارات

اماراتی حکومت نے مساجد کے علاوہ مالز اور کمرشل مقامات پر بھی نمازکی ادائیگی کی اجازت دے دی

کمرشل مقامات اور عمارتوں میں نماز کیلئے مختص جگہ پر گنجائش کے صرف 30 فیصد تک لوگوں کو نماز ادا کرنے کی اجازت ہوگی، نمازیوں پر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا لازم ہوگا

اماراتی حکومت نے مساجد کے علاوہ کمرشل مقامات پر بھی نماز ادائیگی کی اجازت دے دی، کمرشل مقامات اور عمارتوں میں نماز کیلئے مختص جگہ پر صرف 30 فیصد لوگوں کو نماز ادا کرنے کی اجازت ہوگی، نمازیوں پر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا لازم ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے عائد کی گئی پابندیوں میں مزید نرمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اماراتی حکومت نے اب مساجد کے علاوہ کمرشل مقامات اور عمارتوں میں مختص جگہ پر بھی نماز ادائیگی کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق پیر 20 جولائی سے ہو گا۔ کمرشل مقامات اور عمارتوں میں نمازیوں کیلئے مختص جگہ پر گنجائش کے صرف 30 فیصد تک نمازیوں کو نماز ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ جو ہدایات مساجد میں نماز ادا کرنے والے نمازیوں کیلئے جاری کی گئی ہیں، ان کا اطلاق کمرشل مقامات پر نماز ادا کرنے والوں پر بھی ہوگا۔ واضح رہے کہ کئی ماہ کی بندش کے بعد یکم جولائی سے متحدہ عرب امارات کی تمام مساجد کھول دی گئی تھیں۔ تاہم جمعہ کی نماز کے اجتماعات پر تاحال پابندی برقرار ہے۔ ہفتے کے بقیہ ایام میں تمام 5 وقت کی نمازیں مسجد میں ادا کرنے کی اجازت ہے۔
بتایا گیا ہے کہ کسی بھی مسجد یا عبادت گاہ کی کل گنجائش کے صرف 30 فیصد تک نمازیوں اور عبادت کرنے والوں کے داخلے کی اجازت ہے۔ نمازیوں پر جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کرنا لازم ہے۔ 12 سال سے کم عمر بچے اور بزرگوں کو مساجد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ۔ مساجد میں وضو کرنے کی اجازت بھی نہیں۔ بیمار افراد اور ایسے افراد جو کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کیساتھ میل جول رکھ چکے ہوں، انہیں بھی مساجد کا رخ نہ کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ تمام مساجد کو سٹیریلائز کرنے کا عمل مکمل کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button