متحدہ عرب امارات

افغانستان میں بچیوں کی اعلیٰ تعلیم پر پابندی کا فیصلہ، متحدہ عرب امارات کی جانب سے طالبان کے فیصلے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

خلیج اردو
دبئی: متحدہ عرب امارات کے معاون وزیر برائے سیاسی امور اور اقوام متحدہ میں مستقل نمائندہ سفیر لانا نسیبہ نے طالبان کی طرف سے افغان خواتین اور لڑکیوں کے اعلیٰ تعلیم تک رسائی پر پابندی کے حالیہ فیصلے کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ طالبان کا یہ فیصلہ اگست 2021 سے افغان خواتین اور لڑکیوں پر عائد پابندیوں کی تازہ ترین مثال ہے جس کا مقصد انہیں عوامی زندگی سے مٹانا ہے۔ فیصلے سے افغان عوام کے مفاد میں طالبان کے ساتھ بات چیت کرنے کی بین الاقوامی برادری کی کوششوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

متحدہ عرب امارات اس بات کی توثیق کرتا ہے کہ اس فیصلے کے ساتھ ساتھ لڑکیوں پر ثانوی تعلیم تک رسائی سے پہلے کی پابندی، بنیادی انسانی حقوق اور اسلام کی تعلیمات کے منافی ہے۔ مطالبہ کیا گیا ہے کہ فیصلےکو فوری طور پر واپس لیا جانا چاہیے۔

لانا نسیبہ کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے افغانستان کی خودمختاری، استحکام، سلامتی اور خوشحالی کے لیے اپنی دیرینہ حمایت اور عزم میں ثابت قدم رہے گا۔

Source: Khaleej Times

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button