متحدہ عرب امارات

امارات نے 13 ممالک کے شہریوں پر سے آئسولیشن کی پابندی ہٹا لی

ابوظبی نے 13 ممالک کے سیاحوں پرسے آئسولیشن کی پابندی اُٹھا لی ہے۔ محکمہ سیاحت و ثقافت کی جانب سے ویب سائٹ پر اعلان کیا گیا ہے کہ سعودی عرب سمیت 13 ممالک کے سیاحوں پر سے آئسولیشن کی پابندی اُٹھا لی گئی ہے۔ ان 13 ممالک کے شہریوں کو ”ابوظبی کی سیر کریں‘ سیاحتی پروگرام کے تحت ابوظبی آنے پر آئسولیشن میں نہیں رکھا جائے گا۔

جن ممالک کے لیے یہ شاندار رعایت دی گئی ہے ، ان میں سعودی عرب، آسٹریلیا، چین، برونائی، فن لینڈ، آئس لینڈ، آئرلینڈ، جاپان، ملائیشیا، نیوزی لینڈ، سنگاپور، جنوبی کوریا اور ناروے شامل ہے۔ محکمہ سیاحت کے جاری بیان کے مطابق مذکورہ ممالک کے شہریوں کو ابوظبی میں آئسولیشن کی شرط سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔
مستقبل میں اس فہرست میں مزید ممالک کو شامل کیا جا سکتا ہے تاہم ان کا انحصار وہاں پر کورونا کیسز کی صورت حال پر ہو گا۔

واضح رہے کہ دُبئی کی جانب سے چند روز قبل مزید 6 ممالک کے لیے سفر سے پہلے پی سی آر ٹیسٹ بنوانے کی پابندی ختم کر دی گئی۔ ان چھ ممالک میں سعودی عرب، کویت، بحرین اور عمان شامل ہیں۔ جنہیں دُبئی ایئرپورٹ پر پی سی آر کی نیگیٹو رپورٹ نہیں دکھانا ہو گی۔ ان کا دُبئی ایئرپورٹس پر ہی پی سی آر ٹیسٹ لیا جائے گا۔ گزشتہ ماہ جرمنی اور برطانیہ کے شہریوں کو دُبئی کے سفر سے پہلے پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا۔

جن مسافروں کا دُبئی ایئرپورٹ پر پی سی آر ٹیسٹ ہو گا، اسے ہوٹل میں اس وقت تک قرنطینہ میں رہنا ہو گا جب تک اس کے پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ نہیں آ جاتی جس کی اطلاع اس کے ٹیکسٹ میسج یا حکومت کی کوورونا سے متعلق ایپ کے ذریعے دی جائے گی۔ تاہم ان چھ ممالک کے مسافروں کے پاس یہ آپشن بھی ہے کہ وہ سفر سے پہلے کورونا ٹیسٹ کی نیگیٹو پی سی آر رپورٹ حاصل کر نے کے بعد 96 گھنٹوں کے اندر دُبئی کا سفر کریں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button