پاکستانی خبریںخلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

یو اے ای کے صدر آج اسلام آباد پہنچیں گے، خیر مقدمی بینرز آویزاں

خلیج اردو: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر آج (پیر) کو ایک روزہ دورے پر وفاقی دارالحکومت کا دورہ کرینگے۔ شیخ زید کی وزیراعظم شہبازشریف سے ون آن ون ملاقات بھی ہوگی۔ وزیراعظم ہاؤس میں معزز مہمان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جائیگا۔ وفاقی دارالحکومت میں خیر مقدمی بینرز آویزاں کر دیئے گئے ،پیر کو اسلام آباد میں عام تعطیل ہے، متحدہ عرب امارات کے صدر کی طرف سے پاکستان کیلئے بڑے معاشی پیکج کا اعلان متوقع ہے۔ اعلیٰ سفارتی ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر جو پاکستان کے نجی دورے پر تھے، انہوںنے پاکستان آمد پر مختصر مدت کے نوٹس پر اسلام آباد آنے کی دعوت قبول کی۔

اس سے پاکستانی عوام کیلئے ان کی محبت کا اظہار ہوتا ہے کہ انھوں نے پانچ روز قبل 25 جنوری کو وزیر اعظم شہباز شریف کی طرف سے دی گئی دعوت قبول کی۔ ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو موجودہ معاشی مشکلات پر قابو پانے کیلئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

امکان ہے کہ دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرینگے اور جس میں پاکستان کی فوری ضروریات بھی زیر غور آئیں گی۔متحدہ عرب امارات نے پہلے ہی پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ کے طیارے شیخ محمد بن زید کے طیارے کو اسلام آباد کی حدود میں داخل ہونے پر اسکارٹ کرینگے،ایف سولہ اور جے ایف 17 تھنڈرز طیارے سلامی پیش کرینگے۔

ذرائع نے بتایاکہ وزیراعظم شہباز شریف خود چکلالہ ائیر بیس پر شیخ محمد بن زید اور ان کے وفد کا استقبال کرینگے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر کی طرف سے پاکستان کیلئے بڑے معاشی پیکج کا اعلان متوقع ہے۔ دونوں ممالک میں وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔متحدہ عرب امارات کے صدر دورے کے پیش نظر اسلام آباد میں 30 جنوری بروز پیر کو چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے،تمام سرکاری، نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ ایم سی آئی، سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ معمول کے مطابق امور سرانجام دے گی۔ جبکہ اسلام آباد سیکرٹریٹ میں سینیٹ کا اجلاس شیڈول کے مطابق ایک گھنٹہ تاخیر سے سہ پہر 3 کی بجائے 4 بجے ہوگا

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button