متحدہ عرب امارات

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مقدس ہستیوں کی توہین کے خلاف پاکستانی قرارداد منظور

خلیج اردو

06 دسمبر 2020
نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان اور فلپائن کی جانب سے پیش کردہ بین المذہب مکالمے کے بارے میں قرارداد منظور کی جس میں مقدس مذہبی ہستیوں کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے ۔ اس قرارداد کی یورپی یونین اور دیگر مغربی ممالک اور ہندوستان نے مخالفت کی ہے۔

پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق اس قرار داد کے حق میں 90 ووٹ پڑے۔ اگرچہ کسی ملک نے اس کے خلاف ووٹ نہیں دیا جبکہ 52 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

گذشتہ ماہ پاکستان سمیت متعدد مسلم ممالک میں فرانس کی جانب سے مسلمانوں کے آخری نبی حضرت محمدﷺ کے شان میں گستاخانہ خاکے جاری کرنے پر شدید احتجاج ہوا تھا۔ واقعے کو ہوا تب ملی تھی جب ایک فرانسیسی استاد کو اس کے مسلمان طالب علم نے کلاس میں گستاخانہ خاکے دکھانے پر قتل کر دیا تھا۔ اس واقعے کے بعد فرانسیسی صدر میکرون کے اسلام مخالف بیانات نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔

پاکستان ، متحدہ عرب امارات ، سعودی عربب ، ترکی سمیت متعدد ممالک نے حالیہ گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کی تھی اور فرانسیسی صدر کے توہین آمیز بیانات پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

پاکستان نے سفارتی مشنز کے ذریعے یورپی ممالک کی مخالفت کے باوجود اس قرارداد کو جنرل اسمبلی سے منظور کرانے کیلئے او آئی سی (اسلامی تعاون تنظیم) اور دیگر ترقی پذیر ممالک کو کو قائل کیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے اپنے بیان میں وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے اور مذہبی جذبات کے احترام کو فروغ دینے کے متعدد مطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ جان بوجھ کر دنیا کے سب سے بڑے مذاہب میں سے ایک اسلام کے پیروکاروں کے جذبات کو منفی دقیانوسی تصورات کے ذریعے بھڑکانا خطرناک عمل ہے۔ یہ خطرناک عمل ‘ تہذیبوں کے درمیان تصادم’ کے مترادف ہے اور فوری طور پر اس کا ازالہ کیا جانا چاہئے۔

مزکوروہ قرارداد میں زور دیا گیا ہے کہ آزادی اظہار رائے کے استعمال کے ساتھ کچھ فرائض اور ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ لہذا آزادی اظہار کے نام پر کسی کی توہین کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پیش کردہ قرارداد میں مذہبی منافرت اور اسکی کسی بھی طرح سے وکالت کی مذمت کی گئی ہے جو تشدد یا امتیازی سلوک کو اکسا رہی ہو۔ اور دنیا میں معاشرتی ہم آہنگی ، امن و ترقی کو فروغ دینے کے لیے باہمی اور بین الثقافتی مکالمے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر علی زیدی نے قرار داد کی منظوری پر اپنے ٹویٹر پیغاممیں کہا ہے کہ” اسلامو فوبیا کا مسئلہ اجاگر کرنے پر وزیراعظم عمران خان کی قیادت کو سلام۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے حضرت محمدﷺ کی توہین اور مقدس ہستیوں کی توہین کے خلاف پاکستان کی قرارداد منظور کر لی ہے ۔

Source: Siasat.pk

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button