Uncategorized

23 سال بعد پاکستان وزیر اعظم کا دورہ روس ، وزیر اعظم خان ماسکو پہنچ گئے

خلیج اردو
ماسکو : پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر روس پہنچ گئے۔ روسی نائب وزیر خارجہ ایگور مورگولئو نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال ماسکو ایئرپورٹ پر کیا۔ وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ وفاقی وزراء مخدوم شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، اسد عمر، حماد اظہر، مشیرِ تجارت عبدالرزاق داؤد، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور عامر محمود کیانی موجود ہیں۔ .

روسی صدر کی دعوت پر کسی بھی پاکستانی وزیراعظم کا یہ 23 سال بعد روس کا دورہ ہے یہی وجہ ہے روس، یوکرائن کشیدگی کے باوجود ماہرین اس دورے کو اہم قرار دے رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان آج ملاقات ہوگی جس میں دو طرفہ امور ، خطے کی صورتحال ،خصوصاً افغانستان کے حوالے سے غور کیاجائے گا۔ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے معاہدوں اور مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے

۔وزیراعظم پاکستان ماسکو میں پاکستانی کاروباری شخصیات اور تاجروں سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ روس کی گرینڈ مسجد کا دورہ بھی شیڈول کا حصہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اور روسی صدر کے مابین دوطرفہ ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے جن میں توانائی سمیت دوطرفہ تعاون کے امور کا جائزہ لیا جائے گا.
دونوں ممالک کے مابین سٹریم گیس پائپ لائن، ٹرانسپورٹ، ایوی ایشن، انفارمیشن سیکیورٹی، جامعات تعاون، کسٹم امور، اجناس کی تجارت، دفاع، ادویہ سازی، مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں معاہدوں، باہمی تعاون میں وسعت کا امکان ہے…

پاکستان کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دورے میں اسلامو فوبیا، افغان صورتحال سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور زیر بحث آئیں گے جبکہ دورے سے دوطرفہ کثیر الجہتی تعلقات، مختلف شعبوں میں تعاون میں وسعت کا باعث ہو گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

یہ بھی چیک کریں
Close
Back to top button