عالمی خبریں

امریکی اور چینی صدور کی ویڈیو لنک پر ایک دوسرے کو دھمکیاں

خلیج اردو: امریکی صدر جوبائیڈن نےچین کو خبردار کیا ہے کہ اگر یوکرین میں فوجی کارروائی کے معاملے پر روس کا ساتھ دیا تو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے جب کہ چینی صدر نے بھی جوبائیڈن کو تائیون کے معاملے پر باز رہنے کا کہا۔

امریکی صدر نے اپنے چینی ہم منصب سے دو گھنٹے ویڈیو لنک پر بات کی جس میں جوبائیڈن نے واضح کیا کہ اگر چین نے روس کا ساتھ دیا تو نہ صرف اسے امریکا بلکہ پوری دنیا کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اس موقع پر امریکی صدر نے کہا کہ روس کی طرح امریکا چین پر بھی پابندیاں عائد کرسکتا ہے۔

ویڈیو لنک پر بات چیت میں چینی صدر نے زور دیا کہ یوکرین کے بحران کی اصل وجہ سمجھنے کےلیے امریکا اور نیٹو روس سے مذاکرات کریں اور روس اور یوکرین کے سکیورٹی تحفظات دور کیے جائیں۔

چینی صدر کا کہنا تھا کہ بلاتفریق پابندیوں سے روس میں عام عوام کو مسائل برداشت کرنا پڑ رہے ہیں، اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عالمی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔

صدر شی نے زوردیا کہ سرد جنگ کی ذہنیت ترک کی جائے جب کہ انہوں نے واضح کیا ہے کہ ٹرمپ دور سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں جو رکاوٹیں حائل ہیں وہ نہ صرف دور ہی نہیں کی گئیں بلکہ ان میں اضافہ ہوا ہے۔

چینی صدر کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی خطرناک ہے کہ امریکا میں بعض افراد تائیوان میں آزادی پسندقوتوں کو غلط سگنلز دے رہے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ تائیوان معاملے کو مناسب انداز سے حل نہ کیا گیا تو اس کے دونوں ملکوں کے تعلقات پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے، امریکا چین کے اسٹریٹیجک ارادوں کو غلط رنگ دے رہا ہے، اختلافات ختم تو نہیں ہوں گے تاہم انہیں مینیج کرنا چاہیے۔

جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ تائیوان پر امریکا کا مؤقف تبدیل نہیں ہوا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button