عالمی خبریں

انوکھا فیصلہ، انوکھی سزا، عدالت کا رکشہ ڈرائیور کو درخت لگانے اور 5 وقت نماز پڑھنے کا حکم

خلیج اردو
انڈیا :بھارت میں موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے اور پھر جھگڑا کرنے کے الزام میں عدالت نے رکشہ ڈرائیور کو درخت لگانے اور پانچ وقت نماز پڑھنے کا حکم دے دیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق مہاراشٹرا میں ایک مجسٹریٹ عدالت نے سڑک حادثے اور جھگڑے کے ایک کیس میں مسلمان کو مجرم قرار دیا اور اسے قید کی سزا کے بجائے 5 وقت نماز پڑھنے اور 2 درخت لگانے کا حکم دیا۔

تفصیلات کے مطابق 30 سالہ رؤف عمر خان جوکہ رکشہ ڈرائیور تھا، کے خلاف 2010 میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا جب اس نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماری اور پھر بائیک والے سے جھگڑا کیا۔

رؤف خان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 323 ، 325 ، 504 ، 506 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

میڈیا کے مطابق 13 سال بعد مجسٹریٹ تیجونت سنگھ سندھو نے 1958 کے پروبیشن آف آفنڈرز ایکٹ کے سیکشن 3 کے تحت رؤف عمر کو دفعہ 323 میں قید کی سزا دینے کے بجائے حادثے کے مقام پر واقع مسجد کے احاطے میں 2 درخت لگانے اور ان کی دیکھ بھال کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ 1958 کا پروبیشن آف آفنڈرز ایکٹ کا سیکشن 3 مجسٹریٹ کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ کسی مجرم کو نصیحت یا وارننگ کے بعد رہا کر دے تاکہ وہ جرم کو دوبارہ نہ کرے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button