عالمی خبریں

ترکیہ میں شدید زلزلے کے 23 دن بعدملبے سے زندہ کتا نکال لیا گیا

خلیج اردو
ترکیہ :تفصیلات کے مطابق ترکیہ میں تباہ کن زلزلے کے 23 دن بعد ایک کتے کو ملبے سے زندہ نکال لیاگیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق کھانے، پانی اور سورج کی روشنی کے بغیر زندہ رہنے والے کتے کو2 گھنٹے طویل ریسکیو آپریشن کے بعد ملبے سے زندہ نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا ۔

ریسکیو اہلکاروں کے مطابق ملبے سے آواز آئی، قریب جانے پرکتے کی آواز محسوس ہوئی ،جگہ کافی تنگ تھی تاہم وہاں ایک چھوٹا سا سوراخ تھا جس میں سے کتے کی ناک دکھائی دی اور پھر ہم نے 2 گھنٹے کے آپریشن کے بعد کتے کو زندہ نکال لیا ہے۔

سوشل میڈیا پر کتے کو ریسکیو کرنے کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس نے ہر دیکھنے والے کو خوشی کے ساتھ حیرت میں مبتلا کردیا کہ زلزلے کے 23 دن گزرجانے کے بعد بھی بغیر کچھ کھائے پیے کتے کو زندہ بچالیا گیا۔

اس سے قبل ترکیہ میں آئے خوفناک زلزلے کو 17 روز گزرنے کے باوجود ملبے تلے دبی 8 بھیڑوں کو معجزاتی طور پر زندہ نکالا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 6 فروری کو ترکیہ اور شام میں آنے والے 7.8 کی شدت کے زلزلے میں 50 ہزار سے زیادہ افراد جان سے گئے جب کہ لاکھوں زخمی اور دیگر افراد بے گھر ہوگئے۔

زلزلے کے نتیجے میں سیکڑوں عمارت تباہ ہوئیں جبکہ ریسکیو حکام کی جانب سے ملبے کو ہٹانے کا کام اب بھی جاری ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button