عالمی خبریں

ٹیکس چوری کا الزام ،اسرائیلی وزیر داخلہ بر طرف

خلیج اردو

یروشلم:اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی تعمیل کرتے ہوئے ایک سینئر وزیر کو عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق وزیر اعظم نیتن یاہو نے اتوار کے روز اسرائیل کی کابینہ کے اجلاس میں اعلان کیا کہ وہ وزیر داخلہ اور وزیر صحت کے طور پر کام کرنے والے آریہ دیری کو برطرف کر رہے ہیں۔

اسرائیل کی سپریم کورٹ نے گزشتہ ہفتے فیصلہ کیا تھا کہ دیری گزشتہ سال ٹیکس کے جرم میں سزا پانے کی وجہ سے کابینہ کے وزیر کے طور پر کام نہیں کر سکتے۔

وزیر اعظم دفتر کے ایک بیان کے مطابق نیتن یاہو نے کابینہ کے اجلاس کے دوران دیری کو بتایا کہ ایک بھاری دل، بڑے دکھ اور انتہائی مشکل احساس کے ساتھ میں آپ کو حکومت میں وزیر کے عہدے سے ہٹانے پر مجبور ہوں۔

خیال رہے کہ الٹرا آرتھوڈوکس یہودی جماعت شاس کے رہنما دیری کو اسرائیل کے نومبر میں ہونے والے انتخابات کے بعد گزشتہ ماہ نیتن یاہو کی کابینہ میں مقرر کیا گیا تھا۔

دوسری جانب بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ فیصلہ بینجمن نیتن یاہو کے لیے ایک بہت بڑا دھچکا ہے، جس نے ملک کی اعلیٰ عدالت کے اختیارات کو روکنے کی کوشش کی ہے، یاہو آریہ دیری کی حکومت میں واپسی کا راستہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے سب سے طویل عرصے تک رہنے والے وزیر اعظم نیتن یاہو سپریم کورٹ کے اختیارات کو روکنے والی اصلاحات متعارف کراتے ہوئے عدلیہ کے اختیارات محدود کرنے کیلئے پرعزم ہیں، اس سے قانون سازوں کو ججوں کی تقرری اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کو نظرانداز کرنے کے مزید اختیارات بھی ملیں گے۔

ان منصوبوں کے باعث اسرائیل میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے بھی سامنے آئے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے ہفتے کے روز متنازعہ تجویز کردہ اصلاحات کے خلاف ریلی بھی نکالی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button