عالمی خبریں

نئی تحقیق کیمطابق کووڈ سے ایک سے زیادہ بار بیمار ہونا جسمانی اعضا کیلئے تباہ کن ہے

خلیج اردو: کووڈ 19 سے ایک سے زیادہ بار بیمار ہونا سنگین طبی پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھاتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

واشنگٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسین کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ آپ جتنی بار کووڈ 19 سے متاثر ہوتے ہیں، بیماری کی شدت میں اتنا زیادہ اضافہ ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اس تحقیق کے لیے یو ایس ویٹرینز ایڈمنسٹریشن کے 57 لاکھ سابق امریکی فوجیوں کے ہیلتھ ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

ان میں سے 2 لاکھ 60 ہزار ایک بار کووڈ 19 سے متاثر ہوئے جبکہ 40 ہزار میں کم از کم 2 بار کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی تھی۔

باقی 54 لاکھ افراد کو کبھی کووڈ کا سامنا نہیں ہوا اور ان کا ڈیٹا کنٹرول گروپ کے طور پر استعمال کیا گیا۔

محققین نے تینوں گروپ کی صحت کا جائزہ 6 ماہ تک لیا اور دریافت کیا کہ پہلی بار کے بعد دوسری یا تیسری بار کووڈ 19 سے بیمار ہونےو الے افراد کو اضافی خطرات کا سامنا ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہر بار جب آپ کووڈ سے متاثر ہوتے ہیں، آپ کا بہت زیادہ بیمار ہونے کا خطرہ اتنا زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بار بار بیماری سے دل کی شریانوں کے امراض، بلڈ کلاٹس کے مسائل، ذیابیطس، تھکاوٹ، معدے اور گردوں کے امراض، ذہنی صحت کے لیے مسائل اور اعصاب کو نقصان پہنچنے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ یہ تمام امراض براہ راست کووڈ سے منسلک ہیں یا ان کی شدت کورونا وائرس کے نتیجے میں زیادہ بڑھ جاتی ہے۔

تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں کووڈ 19 سے اموات کی شرح میں کمی آرہی ہے جو کہ آبادی کی سطح میں ویکسینیشن اور سابقہ بیماری سے پیدا ہونے والی مدافعت میں اضافے کا نتیجہ ہے۔

مگر اس کے ساتھ ساتھ ری انفیکشن کی شرح بھی بڑھ رہی ہے اور ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں کم از کم 50 کروڑ افراد ایک سے زیادہ بار کووڈ 19 کا سامنا کرچکے ہیں۔

ان میں بھی دوبارہ بیماری کا سامنا کرنے والے زیادہ تر افراد وہ ہیں جن کی ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے اور ہر بار بیمار ہونے سے بلڈ کلاٹس، دل کے امراض، تھکاوٹ اور پھیپھڑوں کو نقصان پہنچنے کا امکان دگنا بڑھ جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ بیماری کا دورانیہ جتنا طویل ہوگا اعضا پر دباؤ اتنا زیادہ ہوگا، مگر کئی بار معمولی بیماری سے بھی بدترین نتائج کا سامنا ہوسکتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button