عالمی خبریں

شمالی کوریا میں کورونا بے قابو، فوج تعینات کردی گئی

خلیج اردو: شمالی کوریا میں کورونا بے قابو ہوگیا جس کے بعد صورتحال پر قابو پانے کے لیے فوج تعینات کردی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ اُن نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر کووڈ کی ادویات کی مستحکم انداز میں تقسیم کے لیے فوج کو احکامات جاری کیے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کم جانگ نے وبا سے نمٹنے کے لیے شعبہ صحت کے حکام کے رد عمل کو انتہائی غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے ان پر شدید تنقید کی جب کہ کم جانگ نے اس دوران ملک میں ادویات کی تقسیم کے نظام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

شمالی کوریا کے سربراہ نے فوج کو دارالحکومت پیانگ یانگ میں کورونا کی ادویات کی مستحکم انداز میں تقسیم کا حکم دیا۔

شمالی کوریا نے گزشتہ ہفتے ہی دنیا میں وبا کے آغاز کے بعد سے پہلی بار کورونا کیس سامنےآنے کی تصدیق کی تھی جہاں اس کے دارالحکومت پیانگ یانگ میں کورونا کی قسم اومی کرون کی تشخیص ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا میں اب تک کورونا کیسز کی تعداد تقریباً 4 لاکھ تک پہنچ گئی ہے جب کہ 8 افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔

اس کے علاوہ شمالی کورویا میں اب تک بخار سے بھی لاکھوں افراد متاثر ہوچکے ہیں جن میں 50 اموات بھی سامنے آئی ہیں جس پر شمالی کوریا کے حکام کا کہنا ہےکہ اموات کی زیادہ تر وجوہات عوام کی جانب سے لاعلمی میں دواؤں کا بے دریغ استعمال ہے کیونکہ عوام کو کورونا کے اومی کرون ویرینٹ کے علاج کا علم نہیں ہے۔

دوسری جانب شمالی کوریا کے پڑوسی ملک جنوبی کوریا نے وائرس پھیلنے پر امداد کی پیشکش کی ہے۔

جنوبی کوریا کے صدر کا کہنا تھا کہ اگر پڑوسی ملک رضا مندی ظاہر کرے تو اسے کورونا کی طبی امداد فراہم کی جاسکتی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button