عالمی خبریں

چین کی دھمکی کے باوجود امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر تائیوان پہنچ گئیں

خلیج اردو: امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی چین کی جانب سے سخت انتباہ کے باوجود تائیوان پہنچ گئیں۔

فرانسیسی خبر ایجنسی اے ایف پی نے دعویٰ کیا ہے کہ نینسی پلوسی کا طیارہ تائیوان لینڈ کرگیا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے بھی نینسی پلوسی کا طیارہ تائیوان پہنچنےکی تصدیق کی ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی اسپیکر ملائیشیا سے تائیوان پہنچی ہیں، اس کے بعد وہ جنوبی کوریا اور جاپان بھی جائیں گی۔

چین کا تائیوان کو ہر حال میں دوبارہ اپنا حصہ بنانے کا اعلان
خبر ایجنسی کے مطابق چین نے نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کو ‘انتہائی خطرناک’ اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے حالیہ ردعمل میں کہا ہےکہ امریکی آگ سے کھیلنےکی کوشش کر رہے ہیں، چین تائیوان میں امریکی نقل وحرکت کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا، امریکا بدمعاشی کی سیاست پر گامزن ہے، نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان کا اختتام امریکیوں کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوگا۔

ادھر تائیوان پہنچنے پر نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ یہ دورہ تائیوان کی مضبوط جمہوریت کی بھرپور حمایت کا عکاس ہے، تائیوان کی قیادت کے ساتھ ہماری بات چیت مشترکہ مفادات کے فروغ اور حمایت کی تائید ہے، اس دورے کا مقصد ایک آزاد انڈو پیسیفک خطے کا فروغ ہے۔

نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ تائیوانی قیادت کے ساتھ بات چیت امریکا تائیوان شراکت داری کی توثیق پر مرکوز ہوگی، دورہ تائیوان کسی بھی طرح امریکا کی دیرینہ پالیسی سے متصادم نہیں، کانگریسی وفد کا دورہ تائیوان جمہوریت کے لیے امریکا کی غیرمتزلزل حمایت کا عکاس ہے۔

چین نے متعدد بار خبردار کیا تھا کہ امریکی اسپیکرکا دورہ تائیوان چین کےاندرونی معاملات میں مداخلت ہوگا۔

چین کا کہنا تھا کہ نینسی پلوسی نےتائیوان کا دورہ کیا تو چینی فوج ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھےگی، چین اپنی خود مختاری، علاقائی سالمیت کےدفاع کے لیے سخت جوابی اقدامات کرے گا، امریکی اسپیکر کا دورہ تائیوان خوفناک سیاسی اثرات کا باعث بنےگا۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تائیوان پر آگ سےکھیلنے والے امریکی سیاستدانوں کو قیمت چکانی ہوگی، آگ سےکھیلنے والے امریکی سیاستدانوں کا انجام اچھا نہیں ہوگا۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان برائے قومی سلامتی جان کربی کا کہنا تھا کہ اسپیکر ایوان نمائندگان پلوسی کو دیگر امریکی اراکین کانگریس کی طرح تائیوان جانےکا حق ہے، کشیدگی میں اضافہ کسی کے مفاد میں نہیں، چین کے جارحانہ اقدامات کے غیر ارادی نتائج ہو سکتے ہیں۔

تائیوان کے معاملے پر اس سے پہلے بھی چین اور امریکا ایک دوسرے کے آمنے سامنے آ چکے ہیں، امریکی صدر جوبائیڈن کہہ چکے ہیں کہ اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو ہم ہر صورت میں تائیوان کا دفاع کریں گے جب کہ چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ تائیوان کی علیحدگی کو روکنے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔

چین تائیوان کو اپنا حصہ تصور کرتا ہے جب کہ تائیوان خود کو ایک علیحدہ ریاست مانتا ہے اور اس معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے تنازع چلا آ رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button