عالمی خبریں

بھارت کے ساتھ دفاعی تعلقات بنانے سے قبل دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات بحال ہونا ضروری ہیں۔ ملا یعقوب

خلیج اردو: طالبان کے وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے کہا ہے کہ انہیں بھارت کے ساتھ دفاعی تعلقات رکھنے میں کوئی مسئلہ نہیں لیکن پہلے دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات بحال ہونے چاہئیں۔

بھارتی ٹی وی کو انٹرویو میں افغان وزیر دفاع اور طالبان کے بانی ملا محمد عمر کے فرزند ملا یعقوب نے کہا اگر دونوں حکومتوں کے درمیان تعلقات معمول پرآتے ہیں تو طالبان افغان سیکیورٹی فورسز کو تربیت کیلئے بھارت بھیجنے کیلئے تیار ہیں۔

ملا یعقوب نے بھارتی حکومت سے کابل میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے اور طالبان سفیر کو نئی دہلی میں افغان سفارت خانہ سنبھالنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔

افغان وزیر دفاع نے کہا بھارت اپنے سفارتی عملے کو افغانستان واپس بھیجتا ہے تو وہ ہر طرح کی حفاظتی ضمانت دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا ہم بھارت سمیت دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔

ملا یعقوب نے کہا افغان حکومت کی جانب سے پاکستان یا بھارت کو افغان سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔ دونوں ممالک اپنے اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کریں۔

انہوں نے کہا افغان حکومت کے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور پاک افغان سرحد پر ہونے والے واقعات کو زیادہ سنجیدہ نہیں لینا چاہئے۔

ملا یعقوب کا کہنا تھا ان کا القاعدہ سے کوئی تعلق نہیں اور افغانستان میں داعش کو کچل دیا گیا ہے۔ انہوں نے امریکہ سے مطالبہ کیا کہ وہ افغانستان کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرے اور ہمارے لیے مسائل پیدا نہ کرے۔ ملا یعقوب نے افغانستان کیلئے انسانی امداد فراہم کرنے پربھارت کا شکریہ ادا کیا۔

افغان وزیردفاع کا یہ انٹرویو ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارتی خارجہ سکریٹری جی پی سنگھ کی قیادت میں ایک وفد کابل کے دورہ پر ہے۔

طالبان کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارتی حکام نے انہیں بتایا ہے کہ وہ افغانستان کے ساتھ پہلے کی طرح اچھے تعلقات چاہتے ہیں اور اپنی امداد جاری رکھیں گے۔

وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کہا ہے کہ بھارت کو افغانستان میں اپنے زیرالتوا منصوبے دوبارہ شروع اور سفارتی تعلقات بحال کرنے چاہئیں

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button