عالمی خبریں

ہالی وُوڈ اداکارہ اور سماجی کارکن انجلینا جولی سیلاب زدگان کی مدد کیلئے پاکستان پہنچ گئیں

خلیج اردو: انسان دوست ہالی وُوڈ اداکارہ اور سماجی کارکن انجلینا جولی منگل کی دوپہر پاکستان پہنچ گئیں تاکہ وہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے براہ راست بات اور ان کی مدد کرسکیں۔

انجلینا جولی اس وقت سندھ کے ضلع دادو کے دورے پر ہیں جہاں وہ سیلاب کی وجہ سے نقصانات کا جائزہ لے رہی ہیں۔

انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق انجلینا جولی صورت حال کا خود مشاہدہ کرنے کے لیے آئی ہیں تاکہ وہ لوگوں سے ان کی ضروریات اور مستقبل میں ایسی پریشانیوں سے بچنے کے بارے میں پوچھ سکیں۔

اداکارہ انجلینا جولی مبینہ طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے دادو کے زمزمہ آئل فیلڈ پہنچی ہیں، اور انہوں نے کشتی کے ذریعے جوہی اور ارد گرد کے علاقوں کا سروے کیا۔ توقع ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو امداد فراہم کریں گی۔

اس سے قبل انجلینا جولی 2005 کے زلزلے کے بعد اور 2010 کے سیلاب کے بعد پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں، انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) کی جانب سے سیلاب کے بعد ہنگامی ردعمل کے آپریشنز کے تحت وہ دورہ کر رہی ہیں۔

فلم ”ٹومب رائیڈر“ کی اداکارہ پاکستان میں متاثرہ لوگوں کی فوری امداد کی ضرورت پر روشنی ڈالیں گی ۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ موسمیاتی تبدیلی کے بحران اور بے گھر ہونے والے افراد کے حوالے سے طویل المدتی حل پر بھی بات کریں گی۔

پریس ریلیز کے مطابق آئی آر سی کو امید ہے کہ ان کے دورے کے بعد عالمی برادری خاص طور پر امریکا جو زیادہ کاربن کا اخراج کرتا ہے۔ وہ موسمیاتی بحران سے متاثرہ ممالک کی فوری طور پر مدد کریں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button