عالمی خبریںمعلومات

انسٹاگرام پر غیر مہذب پیغامات کی روک تھام کیلئے فیچر متعارف

خلیج اردو: فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے ایک ایسا فیچر متعارف کروایا ہے جو صارفین کے غیر مہذب پیغامات کو خود کار طریقے سے فلٹر کردے گا۔

مشہور اور عوامی شخصیات کی جانب سے سائبر سکیورٹی سے متعلق باقاعدہ رد عمل سامنے آنے کے بعد انسٹاگرام کی جانب سےحالیہ فیچر متعارف کرانے کا اعلان سامنے آیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ نیا ٹول صارفین کو خود کار طریقے سے غیر مہذب پیغامات، جملوں اور ایموجیز کو فلٹر کرنے کی سہولت فراہم کرے گا۔

اس فیچر کو درحقیقت مشہور اور عوامی شخصیات کے لیے متعارف کروایا گیا ہے جو بڑے پیمانے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ناپسندیدہ پیغامات وصول کرتے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیچر کے ذریعے انتظامیہ انسٹاگرام سے نفرت انگیز جملوں اور پیغامات سے نمٹ سکے گی۔

اعلان میں کہا گیا ہے کمپنی آئندہ ہفتوں میں متعدد ممالک میں اس فیچر کو متعارف کروائے گی تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ یہ فیچر کن ممالک میں متعارف کروایاجائے گا البتہ کمپنی اس فیچر کی دیگر ممالک میں توسیع کا ارادہ رکھتی ہے۔

اس سے قبل رواں برس فروری میں کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ وہ غیر مہذب پیغامات بھیجنے والے صارفین کے اکاؤنٹس غیر فعال کرنا شروع کرے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button