عالمی خبریں

سپین نے ورک فرام ہوم کرنے والے افراد کے لیے ڈیجیٹل نوماڈ ویزا پروگرام متعارف کرا دیا

خلیج اردو: اسپین نے باضابطہ طور پر ورک فرام ہوم (گھروں میں رہ کر کام) کرنے والے افراد کے لیے ڈیجیٹل نوماڈ ویزا پروگرام متعارف کرا دیا ہے۔

اس پروگرام کے تحت جاری ہونے والے رہائشی ویزا کی معیاد 5 سال تک ہوگی۔

اس ویزے کے ساتھ ایک نئے اسٹارٹ قانون کو بھی متعارف کرایا گیا ہے جس کا مقصد اسپین میں ٹیکنالوجی مارکیٹ کو نئی زندگی فراہم کرنا ہے۔

اس قانون کی منظوری اسپین کی پارلیمنٹ نے نومبر 2022 میں دی تھی جبکہ حتمی منظوری کانگریس نے دسمبر کے آخر میں دی۔

ڈیجیٹل نوماڈ ویزا کے لیے کون اپلائی کرسکتا ہے؟
اس پروگرام کا حصہ بننے والے افراد کا تعلق یورپی یونین سے باہر کے کسی ملک سے ہونا ضروری ہے۔

ان افراد کے پاس ملازمت کا معاہدہ ہونا بھی ضروری ہوگا یا فری لانس کام کی صورت میں انہیں ثابت کرنا ہوگا کہ وہ اسپین سے باہر کی کسی کمپنی کے لیے مستقل کام کررہے ہیں۔

ان افراد کو ملازمت کے ایسے دستاویزات جمع کرانا ہوں گے جن سے ثابت ہو کہ وہ گھر پر رہ کر کام کر رہے ہیں۔

یونیورسٹی ڈگری یا 3 سالہ پیشہ وارانہ تجربے کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔

ان کی ماہانی آمدنی کم از کم 1260 یورو (3 لاکھ 70 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہونا ضروری ہے۔

گزشتہ 5 سال کے دوران اسپین اور آبائی ملک میں کسی قسم کا مجرمانہ ریکارڈ نہ ہو۔

ہیلتھ انشورنس ہونا لازمی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈیجیٹل نوماڈ ویزا کے لیے اپلائی کرنے والے افراد کی کم از کم تنخواہ اسپین میں کام کرنے والے افراد کی کم از کم تنخواہ سے 200 فیصد زیادہ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اگر آپ ان شرائط پر پورے اترتے ہیں تو اپنے ملک میں اسپین کے قونصل خانے یا سفارتخانے کے ذریعے اس ویزا پروگرام کے لیے اپلائی کرسکتے ہیں۔

اس پروگرام کے بعد اسپین ان دیگر یورپی ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو اس طرح کے ویزے جاری کررہے ہیں، ہر ملک نے اس حوالے سے اپنے اصول و ضوابط طے کیے ہیں۔

مثال کے طور پر کروشیا میں درخواست گزاروں کی کم از کم ماہانہ آمدنی 23 سو یورو ہونا ضروری ہے جبکہ پرتگال میں 3040 یورو ماہانہ آمدنی کی شرط رکھی گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button