عالمی خبریں

بھارتی وزیراعظم کا حیدرآباد کا نام تبدیل کر کے’بھاگیہ نگر’ رکھنےکاعندیہ

خلیج اردو: بھارت میں مسلم ناموں والے شہروں کے نام تبدیل کرنےکا سلسلہ جاری ہے، نریندر مودی نے سابقہ ریاست حیدرآباد دکن کے مشہور شہر حیدر آباد کا نام تبدیل کرکے’بھاگیہ نگر’ رکھنےکا عندیہ دے دیا ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دو روز قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نےحیدرآباد میں بی جے پی کے اجلاس سے خطاب کے دوران حیدرآبادکو بھاگیہ نگرکہہ ڈالا۔

بھارتی وزیراعظم کی جانب سے حیدرآباد کو بھاگیہ نگر کہنے کے بعد ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔

اس سے قبل انتہا پسند ہندو جماعت آر ایس ایس اور حکمراں جماعت بی جے پی کے مقامی قائدین بھی حیدرآباد کا نام بدل کر بھاگیہ نگر رکھنے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

انتہاپسند ہندوؤں کا دعویٰ ہےکہ حیدرآباد کا اصل نام بھاگیہ نگر ہے جوکہ بھاگیہ لکشمی مندر سے منسوب ہے۔

جھارکھنڈکے سابق وزیراعلیٰ اور بی جے پی کے رہنما رگھوبر داس کا کہناہےکہ ریاست تلنگانہ میں بی جے پی برسر اقتدار آئی تو حیدرآباد کا نام بدل کر بھاگیہ نگر رکھ دیاجائےگا۔

اس سے قبل مودی سرکار فیض آباد کا نام بدل کر ایودھیا اور الہٰ آباد کا نام پریاگ راج رکھ چکی ہے۔

دوسری جانب ریاست مہاراشٹرا کی حکومت نے بھی حال ہی میں 2 شہروں کے نام تبدیل کرنے کی منظوری دی ہے جس کے بعد اورنگ آباد شہرکا نام تبدیل کرکے سمبھاجی نگر اور عثمان آباد شہر کا نام تبدیل کر کے دھارا شیو رکھا جائےگا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button