عالمی خبریں

بھارتی گجرات سے ہزاروں گائیں احتجاجاً سڑکوں پر چھوڑ دی گئیں

خلیج اردو : بھارتی ریاست گجرات میں مویشیوں کی پناہ گاہیں (گائو شالے) چلانے والے خیراتی اداروں نے سرکاری امداد میں کمی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ہزاروں گائیں سڑکوں پر چھوڑ دی ہیں اور سوشل میڈیا پر سرکاری عمارتوں میں گائیوں کے آزادانہ طورپر گھومنے کی ویڈیوز وائرل ہو گئی ہیں۔

خبررساں ادارے کے مطابق گائے انڈیا کی اکثریتی ہندو برادری کے لیے مقدس جانور سمجھا جاتا ہے اور گجرات سمیت 18 ریاستوں میں ان کے ذبیحہ پر پابندی عائد ہے۔ 2017ء میں گجرات کی ریاستی اسمبلی نے گائے کے تحفظ کے قوانین کو سخت کرتے ہوئے گائے ذبح کرنے والوں کیلئے عمرقید کی سزا مقرر کی تھی۔اس قانون کے نفاذ کے بعد اس کا ایک نتیجہ یہ نکلا ہے کہ آوارہ مویشیوں کی ایک بڑی تعداد سڑکوں پر نظر آنے لگی، جس کی وجہ سے شہروں کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی میں خلل پڑنے لگا۔

رواں سال کے بجٹ میں گجرات کی حکومت نے ریاست میں گائیوں اور دیگر عمر رسیدہ جانوروں کے لیے پناہ گاہوں کی دیکھ بھال کے لیے 5 ارب روپے مختص کیے تھے۔مویشیوں کے لیے بنائی گئی پناہ گاہوں (گائو شالوں) کے منیجروں کا کہنا ہے کہ انھیں اس اسکیم کے تحت کوئی پیسہ نہیں ملا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ حکومت نے انھیں "دھوکہ” دیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت کو متعدد درخواستیں کرنے کے باوجود ، انھیں کوئی فنڈ فراہم نہیں کئے گئے ہیں ۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، خیراتی ٹرسٹوں کے ذریعے چلائے جا رہے تقریباً 1750 گائوشالوں میں ساڑھے چار لاکھ سے زائد مویشی موجود ہیں اور احتجاجاً انہیں سڑکوں پر چھوڑ دیاگیا ہے ۔ مظاہرین نے خبردار کیاہے کہ اگر حکومت فنڈز جاری نہیں کرتی تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کے علاوہ آئندہ ریاستی انتخابات کا بائیکاٹ کریں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button