
خلیج اردو
واشنگٹن:امریکن ائیرلائن کی لاس اینجلس سے واشنگٹن جانے والی پرواز کے دوران مسافر آپے سے باہر ہوگیا جس کے باعث پائلٹ کو جہاز کنساس ایئرپورٹ پر اتارنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق لاس اینجلس سے واشنگٹن جانے والی امریکی ایئرلائن کی پرواز اپنی منزل کی جانب گامزن تھی کہ اچانک ایک مسافر نے چیخنا شروع کر دیا ساتھ ہی عجیب حرکتیں کرنے لگا۔عملے کی جانب سے مسافر کو سمجھانے کی کوشش کی گئی تاہم اس کے باوجود مذکورہ مسافر خاموش نہ ہوا۔بعدازاں عملے نے دیگر مسافروں کے ساتھ ملکر مذکورہ شخص کو قابو کیا اور جہاز کا رخ موڑ کر کنساس ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔عملے نے مذکورہ شخص کو ایئرپورٹ پر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کے حوالے کیا۔
امریکی ایئرلائن نے واقعے کی تفصیلات اور وجوہات بتانے سے گریز کیا ہے۔گزشتہ برس بھی امریکی ایئرلائن کمپنیوں کی پروازوں میں اس قسم کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے۔چند واقعات میں معاملے کی سنگینی کے باعث پائلٹس کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔امریکی محکمہ انصاف کے مطابق دوران پرواز ہنگامہ کرنے والے مسافروں سے سختی سے نمٹا جارہا ہے۔