عالمی خبریں

پاکستان سمیت دنیا بھر میں واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز معطل

خلیج اردو: پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز متاثر ہوگئیں جس وجہ سے لاکھوں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دنیا بھر میں مذکورہ سوشل میڈیا ایپلیکیشن کی سروس پاکستانی وقت کے مطابق تقریباً رات ساڑھے آٹھ بجے متاثر ہوئیں اور محض ٹوئٹر سماجی رابطوں کی بڑی ویب سائٹ تھی جو بحال رہی لہٰذا صارفین ٹوئٹر پر ہی اپنی مایوسی کا اظہار کرتے رہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے ٹوئٹر پر موجود آفیشل اکاؤنٹ بدستور کام کرتے رہے اور وہ ٹوئٹر کے ذریعے ہی اپنے صارفین سے رابطے میں رہیں۔

تینوں ایپلیکیشنز کی سروسز میں تعطل کو تقریباً 3 گھنٹے سے زائد ہوچکا ہے جس کے باعث صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

اس حوالے سے ٹوئٹر پر سوشل میڈیا صارفین ردعمل کا اظہار کررہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے طنز و مزاح کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور ساتھ ہی تنقید بھی کی جارہی ہے۔

واٹس ایپ کا ردعمل
دوسری جانب واٹس ایپ نے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہمیں علم ہے کہ ’بعض‘ لوگوں کو واٹس ایپ کے استعمال میں مسئلہ درپیش ہے، ہم چیزوں کو معمول پر لانے کیلئے کام کررہے ہیں اور اس حوالے سے جلد ہی آگاہ کیا جائے گا۔

اُدھر سروسز متاثر ہونے پر فیس بک نے بھی یہی بیان جاری کیا ہے۔

ان سروسز کی معطلی کے دوران امریکا میں ٹوئٹر پر واٹس ایپ اور فیس بک ٹاپ ٹرینڈ رہا البتہ ان سروسز کے تعطل کی کوئی وجہ اب تک سامنے نہیں آسکی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button