پاکستانی خبریں

کپتان کی فیلڈنگ میں تبدیلی ، شیخ رشید احمد وفاقی وزیر داخلہ بنا دیئے گئے

خلیج اردو
11 دسمبر 2020
عاطف خان خٹک
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اہم وفاقی وزرا کے قلمدان تبدیل کردیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید سے وزارت ریلوے کا قلمدان واپس لے کر انہیں وفاقی وزیر داخلہ کا قلمدان سونپا گیا ہے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا قلمدان تبدیل کرکے انہیں اب وزیر انسداد و منشیات بنایا گیا ہے۔

وفاقی وزیر اعظم سواتی کو شیخ رشید کی جگہ وزیر ریلوے کا قلمدان دیا گیا ہے ۔شیخ رشید احمد کا تعلق عوامی مسلم لیگ سے ہے جو مرکز میں پاکستان تحریک انصاف کے اتحادی ہے۔ یہ پندرہویں دفعہ ہے جب شیخ رشید وفاقی وزیر بنے ہیں ۔وہ پہلیمرتبہ سال 1991 میں محمد نواز شریف کی کابینہ میں وزیر صنعت بنے۔ وہ 1997 میں نواز شریف کے دوسرے دور حکومت میں کھیل، ثقافت سیاحت امور نوجوانان کی وزارتوں کا قلمدان رکھتے تھے۔ انہیں محنت، افرادی قوت اور سمندر پار پاکستانیوں کے قلمدان بھی سونپے گئے۔ سال 2002 میں شیخ رشید سابق وزیراعظم جمالی کے وزیراطلاعات بھی رہے۔ وہ شوکت عزیر کی کابینہ میں وزیر ریلوے اور وزیر اطلاعات رہے۔

سال 2018 میں جب پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی حکومت بنائی تو عمران خان نے انہیں وزارت ریلوے کا قلمدان سونپا۔ شیخ رشید موجودہ اپوزیشن پر کھل کر تنقید کرتے ہیں ۔ ان کی وزارت کی تبدیلی پر سوشل میڈیا میں تبصرے جاری ہے۔

دوسری طرف ڈاکٹر حفیظ شیخ کو مشیر خزانہ سے وفاقی وزیر خزانہ بنا دیا گیا ہے جنہوں نے آج ہی اپنی وزارت کا حلف اٹھایا جس کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button