پاکستانی خبریںعالمی خبریں

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کی اسمبلی رکنیت ختم کر دی

خلیج اردو
اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کا ووٹ دینے والے تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف اسپیکر پنجاب اسمبلی کہ جانب سے بھیجے گئے ریفرنس کو منظور کرتے ہوئے مذکورہ اراکین کو ڈی سیٹ کر دیا۔

چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ نے تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس کا محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے بتایا کہ اتفاق رائے سے پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان کو ڈی سیٹ قرار دیا جاتا ہے۔

23 صفحات پر تحریری فیصلے میں لکھا گیا ہے الیکشن کمیشن اس نتیجہ پر پہنچا ہے کہ ارکان نے وزیر اعلی کے انتخاب میں مخالف جماعت کے امیدوار کو ووٹ دیا اور مخالف امیداور کو ووٹ ڈالنے سے انحراف ثابت ہو گیا،، لہذا الیکشن کمیشن منحرف ارکان کے خلاف بھیجے گئے ریفرنسز کو منظور کرتے ہوئے مذکورہ ارکان کی پنجاب اسمبلی کی رکنیت ختم کرکے ان کی نشستوں کو خالی قرار دیا جاتا ہے۔

تحریری فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کے پاس اس ریفرنس سے متعلق دو اپشن تھے۔ ایک اپشن تھا کہ ووٹ ڈالنے والے ارکان کو 63 اے کی شرائط پوری نہ ہونے پر مسترد کر دیا جائے جبکہ دوسرا اپشن تھا کہ مخالف امیدوار کو پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ ڈالنا سنگین معاملہ سے جوڑا جائے جیسا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ میں کہا گیا۔

الیکشن کمیشن کی رائے ہے کہ ارکان کا مخالف امیدوار کو ووٹ ڈالنا ایک سنگین معاملہ ہے اور مخالف امیدوار کو ووٹ دینا پارٹی پالیسی سے دھوکہ دہی کی بدترین شکل ہے۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا آج اس گھناؤنی سیاست کا ایک اور باب بند ہوگیا ہے۔ اب حمزہ شہباز اور پنجاب اسمبلی کی کوئی قانونی حیثیت نہیں رہ گئی ۔

دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ پنجاب میں مخالفین کی تعداد 172 اور ہماری 177 ہے ۔۔۔۔۔ فیصلے سے پنجاب میں اتحادی جماعتوں کی حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ارکان کے ڈی سیٹ ہونے پر جشن منانے والوں کو ماتم کرنا چاہیے ۔ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آٹھ سال سے نہیں آیا ،منحرف ارکان کا فیصلہ ایک ماہ میں آگیا۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کو پنجاب اسمبلی کے منحرف کی نا اہلی کا ریفرنس 20 اپریل کو موصول ہوا تھا جس کی 8 سماعتوں کو بعد محفوظ شدہ فیصلہ آج سنایا گیا ۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button