متحدہ عرب امارات

شارجہ میں کنسٹرکشن کمپنی کی بس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی

شارجہ میں غیر ملکی کارکنان سے بھری بس حادثے کا شکار ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں بس میں سوار ایک کنسٹرکشن کمپنی کے چار کارکن موقع پر ہی ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 9 زخمی ہیں جن میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ خور فقان روڈ پر السیوح انٹرسیکشن کے قریب پیش آیا جس کے نتیجے میں چار افراد کی فوری طور پر ہلاکت ہو گئی اور باقی زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اس حادثے کے حوالے سے شارجہ پولیس کے پٹرول اینڈ ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر میجر عبداللہ المنظری نے بتایا ہے کہ پولیس کنٹرول روم کو صبح سویرے پیش آنے والے حادثات کی اطلاع ملتے ہی ایمبولینسز، پٹرولنگ گاڑیاں، طبی امداد کا عملہ اور ٹریفک ایکسیڈنٹس کے ایکسپرٹس جائے حادثہ پر روانہ کر دیئے گئے۔
موقع پر پہنچ کر دیکھا تو بس اُلٹی ہوئی تھی، جس میں سوار چار کارکنان دم توڑ چکے تھے۔

باقی کے 9 زخمیوں سے میں کچھ کو شدید چوٹیں آئی تھیں اور کچھ کو درمیانے زخم آئے تھے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس سارے ریسکیو آپریشن کے دوران خورفقان روڈ کو تھوڑی دیر کے لیے ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا۔ پولیس کی تفتیش کے مطابق بس کے ڈرائیور نے اچانک لین بدلنے کی کوشش کی مگر رفتار تیز ہونے کے باعث بس اس کے قابو سے باہر ہو کر کئی قلابازیاں کھاتی ہوئی سڑک کے کنارے اُلٹ گئی۔

جو چار افراد کی فوری ہلاکت کا باعث بن گئی اور کئی زخمی حالت میں ہسپتال میں پڑے زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ شارجہ پولیس جنرل کمانڈ کی جانب سے اس واقعے کو افسوس ناک قرار دیا گیا ہے۔ میجر المنظری نے کہا کہ تمام ڈرائیورز ڈرائیونگ کے دوران محتاط رہیں، حد رفتار سے تجاوز نہ کریں۔ انٹرسیکشنز اور ٹنلز میں داخل ہونے سے پہلے رفتار کم کرنا بہتر رہتا ہے۔ ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری ہی انسانی زندگیوں اور قیمتی املاک کے تحفظ کو ممکن بنا سکتی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button