متحدہ عرب امارات

اتحاد ائیر کے پائلٹ اور کیبن کریو کورونا ویکسین لگوا کر ڈیوٹی پر ہیں

ابوظبی کی اتحاد ائیرویز ایسے پائلٹس اور کیبن کریوز کے ساتھ پروازیں چلارہی ہے جنہیں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔
ابوظبی کے سرکاری کیریئر’’اتحاد ایئر ویز‘‘ کی جانب سے یہ بات بدھ کو جاری شدہ بیان میں کہی گئی ہے۔
روئیٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق اتحاد ایئرلائن نے اپنے تمام ملازمین کے لئے چائنا نیشنل فارماسیوٹیکل گروپ’’سائنوفارم‘‘ کی تیار کردہ کورونا وائرس کی ویکسین فراہم کی ہے۔

ائیرلائنز کے چیف ایگزیکٹیو ٹونی ڈگلس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہےکہ ہم نے فوری طور پر اپنے تمام ملازمین کے لئے اس ویکسین کی دستیابی یقینی بنائی تاکہ وہ نہ صرف کورونا کے مضر اثرات سے نبردآزما ہو سکیں بلکہ وہ مسافروں کو بھی پراعتماد رہنے کا احساس دلا سکیں۔
اس کے علاوہ ایسے مسافر جب آئندہ ہمارے ساتھ سفر کریں تو انہیں اس حوالے سے تحفظ کا یقین ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ جو ویکسین انہیں ملی ہے وہ متحدہ عرب امارات کے تمام شہریوں اور رہائشیوں کے لئے بھی بالکل مفت دستیاب ہے۔
فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کتنے کیبن کریوز اور پائلٹس کو ویکسین دی گئی ہے تاہم ایئرلائن کاکہنا ہے کہ اس کی 75 فیصد سے زیادہ افرادی قوت کو ویکسین کی کم از کم پہلی خوراک دی جا چکی ہے۔

دبئی کی امارات ایئرلائنز نے اپنےعملے کو سائنو ویکسین کے ساتھ ساتھ فائزرکی تیار کردہ ویکسین بائیونٹیک فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں سال2021 کے آغاز سے ہی کورونا وائرس انفیکشن میں تیزتر اضافہ دیکھا گیا تھا۔
وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 3 فروری کو روزانہ کی بنیادوں پر سامنے آنے والے کیسز3977 کی ریکارڈ تعداد تک جا پہنچے تھے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button