متحدہ عرب امارات

مڈل آرڈر کی ناکامی اور انگلش بلے بازوں کی شاندار بیٹنگ نے انگلینڈ کے حق میں کھیل کا فیصلہ کیا

خلیج اردو
کراچی: پاک بمقابلہ انگلینڈ کے7 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو انتہائی پراعتماد انداز میں آسانی سے 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 159 رنز کا ہدف آخری اوور میں پورا کرلیا جس میں ایلکس ہیلز کے 53 نمایاں رہے۔

پاکستان کے معاشی مرکز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کے کپتان معین علی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم سے اوپننگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 158رنز بنائے جس میں محمد رضوان کے 46 گیندوں پر 68 رنز کی نمایاں ایننگ شامل ہے۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز کے اس ابتدائی میچ میں پاکستان کا آغاز زبردست تھا جب بابر اعظم اور محمد رضوان کے درمیان 85 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر بابر 24 گیندوں پر 31 رنز بناکر عادل رشید کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

109 کے مجموعی اسکور پر 13 گیندوں پر 11 رنز بناکر حیدر علی آؤٹ ہوئے جو پاکستان کا دوسرا نقصان تھا۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 117کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد رضوان 46 گیندوں پر 68 رنز بناکر پویلین کی راہ چلتے بنے۔

شان مسعود جو اپنا پہلا ٹی ٹونٹی میچ کھیل رہے تھے ، صرف 7 رنز ، افتخار احمد 28 اور محمد نواز 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے لُک ووڈکے حصے میں 3 اور عادل رشید کو 2 وکٹیں ملیں۔

دوسرے اننگ میں انگلینڈ نے پاکلستان کے خلاف آغاز اتنا اچھا نہیں کیا،19 کے مجموعی اسکور پر اوپنر فل سالٹ 10 رنز بناکرپویلین لوٹے۔ڈیوڈ ملان 15 گیندوں پر 20 رنز بناکر پویلین لوٹے اور انگلینڈ کو دوسرا نقصان دیا جبکہ تیسری وکٹ تب گری جب بین ڈکٹ 21 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

ایلکس ہیلز نے 40 گیندوں پر 53 رنز جبکہ ہیری بروک نے 25 گیندوں پر ناقابل شکست 42 رنز بنا کر انگلینڈ کی ٹیم کو استحکام دیا۔ یوں انگلینڈ نے آخری اوور میں4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرکے 7 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے 2، دھانی اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

پاکستان کی ہار کے بعد سوشل میڈیا صارفین پاکستان کے مڈل آرڈر بلے بازوں کی کارکردگی سے زیادہ خوش دکھائے نہیں دے رہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button