متحدہ عرب امارات

سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزارت اعظمی کا عہدہ،شہزادہ محمد بن سلمان کو وزیر اعظم بننے پر شیخ حمدان کی مبارکباد

خلیج اردو
دبئی: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے سعودی عرب کے وزیراعظم منتخب ہونے پر دنیا بھر سے تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے بھی منگل کو سعودی ولی عہد کو مبارک باد دی ہے۔

شیخ حمدان نے ایک ٹویٹ میں شہزادہ محمد بن سلمان کو ان کی نئی ذمہ داریوں پر کامیابی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کی مزید ترقی اور خوشحالی کی بھی خواہش کی۔

 

پاکستان کے وزیر اعظم نے بھی ولی عہد کو مبارک باد پیش کی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں اپنے بھائی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو سعودی عرب کے وزیر اعظم کے طور پر تقرری کے موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، میں عزت مآب کی کامیابی اور برادر ملک سعودی عرب کے لیے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی قیادت میں مزید ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہوں۔

قبل ازیں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شہزادہ محمد بن سلمان کو سعودی عرب کا وزیراعظم مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سعودی پریس ایجنسی کی خبر کے مطابق، شاہ سلمان نے کابینہ میں ردوبدل کا حکم بھی دیا ہے جس میں سابق نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کو نیا وزیر دفاع اور طلال بن عبداللہ بن ترکی العتیبی کو معاون وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے۔

 

Source: Khaleej Times

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button