متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات کا کورونا کی وجہ سے عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان، 15 فروری تک بتدریج تمام پابندیاں اٹھائی جائیں گی

15 فروری تک بتدریج تمام پابندیاں اٹھائی جائیں گی‘ جس کے بعد تمام سرگرمیاں، تقریبات اور سماجی اجتماعات پوری صلاحیت پر واپس آسکتے ہیں

متحدہ عرب امارات نے کورونا وباء کی وجہ سے عائد کردہ تمام پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا ، 15 فروری تک بتدریج تمام پابندیاں اٹھائی جائیں گی ۔ اماراتی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات نے فروری کے وسط تک پوری صلاحیت کے ساتھ کام کرنے کے لیے تمام اقتصادی اور سیاحتی سہولیات، شاپنگ مالز اور نقل و حمل کے طریقوں میں تمام سرگرمیوں اور تقریبات میں حاضری کی گنجائش پر کورونا وائرس کی وجہ سے عائد پابندیوں کو بتدریج منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ، اس تازہ ترین اپ ڈیٹ کا اعلان نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹرز ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) نے اپنی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کیا ۔

بتایا گیا ہے کہ پابندیوں کو کم کرنے کے متعدد اقدامات کے ایک حصے کے طور پر مساجد میں نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلے کو ایک میٹر تک کم کر دیا گیا ہے ، مساجد اور عبادت گاہوں کے حوالے سے محفوظ فاصلہ ایک میٹر تک کم کر دیا گیا ہے جب کہ وبائی مرض پر نظر رکھی جائے گی اور احتیاطی تدابیر کو اسی کے مطابق ایڈجسٹ کیا جائے گا ، جب کہ شادیوں اور جنازوں سمیت سماجی تقریبات کی زیادہ سے زیادہ گنجائش بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اور مقامی حکام شرکت کرنے والوں کی اجازت شدہ تعداد کا تعین کریں گے ۔

NCEMA نے کہا کہ پابندیوں میں نرمی روزانہ پائے جانے والے انفیکشن کی تعداد میں کمی کی وجہ سے کی گئی ہے، جو ملک میں وبائی امراض کی صورتحال میں واضح بہتری کی نشاندہی کرتی ہے ، کمیونٹی ممبران کی قابل ذکر وابستگی اور احتیاطی تدابیر کے نفاذ میں ان کی موثر شراکت نے روزانہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد کو کم کرنے میں نمایاں مدد کی ہے ، جسکی وجہ سے ہسپتالوں میں کووِڈ کے مریضوں کے داخلے کی شرح میں واضح کمی واقع ہوئی ہے ، متعلقہ قومی شعبے متعلقہ منصوبوں اور طریقہ کار کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے وبائی مرض کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں ، عوام سے گزارش ہے کہ الحوسن ایپ پر گرین پاس سسٹم پر عمل کریں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button