متحدہ عرب امارات

عالمی برادری منظم جرائم اور دہشتگردی میں روابط کا انسداد کرے: متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ دہشتگردی اور منظم جرائم کے مابین روابط سے نمٹنے کے لئے قانونی ڈھانچوں کو مستحکم اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے

خلیج اردو –   اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دہشتگردی کی کارروائیوں خاص طور پر دہشتگردی اور بین الاقوامی منظم جرائم کے مابین روابط کے نتیجے میں عالمی امن اور سلامتی کو لاحق خطرات پر بحث کی گئی ۔

امارات نیوز ایجنسی کے  رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ امارات نے 2019 میں سلامتی کونسل کی قرارداد 2482 میں تعاون کیا تھا کیونکہ متحدہ عرب امارات کو پختہ یقین ہے کہ منظم جرائم سمیت مالی اعانت کے تمام ذرائع کی بیخ کنی کے بغیر بین الاقوامی دہشتگردی کے خاتمے کے لئے ہماری کوششیں کامیاب نہیں ہوسکتی ہیں۔

متحدہ عرب امارات نے کورونا وائرس وباء کے پس منظر میں منظم جرائم اور دہشتگردی کے درمیان بڑھتے ہوئے رابطے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات دہشتگردی کی مالی اعانت روکنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں میں اضافے کے ساتھ انسداد منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت کے انسداد کے اپنے نظام کو مستحکم کرنے کے لئے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی تازہ ترین سفارشات پر عمل درآمد کر رہا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے کہا کہ اقوام متحدہ کے نظام کو دہشتگردی کی مالی اعانت کے انسداد کے بین الاقوامی کنونشن کے تحت سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے اور دہشتگردی کی مالی اعانت کرنے والے رکن ممالک کا بھی احتساب کرنا چاہیئے۔

متحدہ عرب امارات نے کہا کہ دہشتگردی کے خطرات اور منظم جرائم سے نمٹنے کے لئے دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں اور خطوں میں انسانی، مالی اور لاجسٹک وسائل کی فراہمی کے ذریعے حکومتوں، نجی شعبے اور متعلقہ اداروں کی صلاحیت کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردی اور جرائم پیشہ گروہوں کے درمیان اسمگلنگ نیٹ ورک ختم کرنے کیلئےمشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button