متحدہ عرب امارات

جھوٹی اور شرمناک باتیں پھیلا کر ہمیں بدنام کیوں کیا؟

امارات میں تین افراد نے انتقامی کارروائی کے طور پر نوجوان کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، ویڈیو بھی بنا لی

متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں تین نوجوانوں نے بدنامی کا بدلہ لینے کی خاطر نوجوان کواجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا اور اس کی زبان بند رکھنے کی خاطر اس شرمناک واردات کو ویڈیو کی صورت میں محفوظ بھی کر ڈالا ہے۔ تفصیلات کے مطابق راس الخیمہ کی عدالت نے دو ملزمان کو ایک نوجوان کے اغوا اور اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا جُرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سُنا دی ہے۔

جبکہ ان کے تیسرے مفرور ساتھی کو پانچ سال قید کی سزا دی گئی ہے۔ استغاثہ کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے نوجوان کو ایک صحرائی مقام پر لے جا کر اسے جنسی زیادتی اور مار پیٹ کا نشانہ بنایا اور پھر اسے اپنے فارم ہاؤس پر لے جا کر بھی اس سے زیادتی کی۔
انہوں نے اس سے زیادتی کے دوران ویڈیو بھی بنائی اور دھمکی دی کہ پولیس کو رپورٹ کرنے کی صورت میں یہ ویڈیو وائرل کر کے اسے بدنام کر دیا جائے گا۔

ملزمان نے عدالت کو بتایا کہ متاثرہ نوجوان نے ان کے بارے میں یہ پراپیگنڈہ کر رکھا تھا کہ وہ ہم جنس پرستی میں ملوث ہیں۔ اس طرح کی منفی باتوں پر وہ مشتعل ہو گئے اور انہوں نے اس سے بدلہ لینے کی ٹھان لی۔ ایک ملزم نے گپ شپ کے بہانے نوجوان کو اپنے پاس بُلایا اور پھر وہ اسے ہراساں کر کے ایک ویران صحرائی مقام پر لے گئے۔ جہاں اسے گاڑی سے نکال کر سٹن گن کی مدد سے اسے عارضی طور پر مفلوج کر دیا اور تیسرے ملزم نے نوجوان کے ہاتھ پر چھرا گھونپ کر زخمی کر دیا۔

تینوں ملزمان نے نوجوان کی مار پیٹ کی۔ پھر پہلے دو ملزمان نے نوجوان کوباری باری جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ اس کے بعد اسے اپنے فارم ہاؤس لے جا کر ایک بار پھر زیادتی کی گئی اور اس دوران اس کی ویڈیو بھی بنائی گئی۔ انہوں نے نوجوان کو خبردار کیا کہ اگر اس نے پولیس کے آگے زبان کھولی تو اس کی ویڈیو وائرل کر کے اسے بدنام کر دیا جائے گا۔ تاہم متاثرہ نوجوان نے پولیس کو یہ واقعہ رپورٹ کر دیا۔

پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد ان پر جنسی زیادتی، اغوا، تشدد، توہین آمیز سلوک، جرم کی ویڈیو ریکارڈنگ اور دھمکیوں کے الزامات کے تحت مقدمے کا اندراج کر لیا۔ تاہم تیسرا ملزم ابھی تک مفرور ہے۔ ملزمان کوکریمنل کورٹ نے عمر قید کی سزاسنائی تھی۔ فیصلے کے خلاف اپیل کورٹ میں دائر کی گئی اپیل مسترد ہو گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button