پاکستانی خبریںعالمی خبریں

اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق مل گیا ، اپوزیشن کے شدید احتجاج ، شورشرابے اور واک آؤٹ کے باوجود حکومت اہم بل پاس کرنے میں کامیاب ہوئی

خلیج اردو
17 نومبر2021
اسلام آباد : پاکستان میں پارلیمنٹ نے ایک بل کے ذریعے سمندرپار رہنے والے پاکستانیوں کو انتخابات میں رائے دہی کا حق دیا ہے۔ یہ بل ایوان بالا اور ایوان زیریں کے مشترکہ اجلاس میں پاس کرایا گیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق پاکستان کی پارلیمنٹ نے انتخابات ترمیمی بل دوہزاراکیس، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کا بل ، اوورسیزپاکستانیوں کو آن لائن ووٹ کاحق دینے کابل، کلبھوشن یادیو کیس سے متعلق عالمی عدالت انصاف نظرثانی و غورمکرربل دوہزار اکیس سمیت 23 بل پاس کیے۔

اس سے قبل حکومت نے عدد اکثریت نہ ہونے کے باعث اپوزیشن کے سامنے ان بل کو پاس کرنے میں ناکامی کا سامنا کیا تھا۔

دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس قوامی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس سے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہاکہ الیکشن سے پہلے ایوان اور 22 کروڑ عوام دھاندلی کا شور مچا رہے ہیں،یہ سلیکٹڈ حکومت جانتی ہے کہ اب عوام ان کو ووٹ نہیں دیں گے،مشین کے ذریعے یہ سلیکٹڈ حکومت اپنی معیاد کو طول دینا چاہتی ہے۔

قائدحزب اختلاف نے کہا 2018 کے الیکشن میں آر ٹی ایس خراب ہو گیا جس کے نتیجے میں دھاندلی زدہ حکومت وجود میں آئی، انہوں نے ای وی ایم کوشیطانی خواہشات کی مشین قرار دیتے ہوئے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ میشن کو دھاندلی مشین بنا دیا گیا ہے۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کیخلاف عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے حزب اختلاف کی جماعت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری اپیل تھی آزاد کشمیر الیکشن کی طرز پر تارکین وطن کو ووٹ کا حق دیا جائے،اس قانون سازی کے ذریعے بیرون ممالک پاکستانیوں کی آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

بھارتی جاسوس کلبھوشن کے حوالے سے مسٹر بھٹو نے کہاکہ حکومت کی بدنیتی پر مبنی کوشش ہے کہ وہ کلبھوشن یادیو کو این آر او دے، کلبھوشن یادیو کو ریلیف دینے پر آپ کا ساتھ نہیں دیں گے، آپ پاکستان کی پارلیمان کی توہین کر رہے ہیں۔

اپوزیشن رہنماؤں کی تقریروں پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بولے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین ماضی کی کالک صاف اور شیطانی خواہشات کو دفن کرنے کے لیے لائی جا رہی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button