پاکستانی خبریں

پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے تمام مفروضے غلط ثابت ہوگئے، پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کا پیکج بحال ہوگیا،آئی ایم ایف اسی ہفتے پاکستان کو قرض کی رقم منتقل کرے گا

خلیج اردو
عاطف خان خٹک
اسلام آباد: پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا۔آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری دے دی۔ پاکستان کو ایک ارب 17 کروڑ ڈالر جاری ہوں گے۔ قرض کی یہ رقم اسی ہفتے پاکستان کو منتقل کر دی جائے گی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کو پاکستان کی معیشت کے لئے مثبت پیش رفت قرار دے دیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی سے پاکستان کے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کا خطرہ ختم ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ پاکستان مشکل معاشی امتحان سے سرخرو ہوکر نکلا ہے۔آئی ایم ایف پروگرام ایک مرحلہ ہے لیکن پاکستان کی منزل معاشی خودانحصاری ہے۔پروگرام کی بحالی سے پاکستان میں معاشی استحکام آئے گا۔

مسٹر شریف نے کہا ہے کہ پروگرام کی بحالی کے لئے وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں۔اللہ تعالی سے دعا ہے کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہو اور آئندہ پاکستان کو کبھی اس کی ضرورت نہ رہے۔اللہ تعالی کی رحمت سے پرامید ہوں کہ مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت کی طرح ایک بار پھر آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہیں گے۔

دوسری طرف وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اسے وزیر اعظم کے مشکل فیصلوں کا ثمر قرار دے دیا

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف بورڈ کی جانب سے قرض کی منظوری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ الحمداللہ آئی ایم ایف بورڈ نے توسیع فنڈ سہولت کی منظوری دے دی۔ہمیں ایک ارب 17 کروڑ ڈالر کی ساتویں اور آٹھویں قسط مل رہی ہے۔

وزیرخزانہ نے اس پیشرفت کو وزیراعظم کے متعدد مشکل فیصلوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی آئی ایم ایف پروگرام بحالی کی تصدیق کردی۔

پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ تمام شرائط پر بروقت عمل کرے گا۔ صوبوں اور وفاق کے درمیان اقتصادی معاملات کنٹرول میں رہیں گے۔ آئندہ بجٹ تک طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق ٹیکسوں کی تشکیل نو،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا شیڈول ، بجلی کی پیداوار،گردشی قرضوں اور بلنگ کے ضمن میں شرائط کے مطابق ایکشن لیا جائے گا

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button