متحدہ عرب امارات

بھارت میں آکسیجن کا بحران: متحدہ عرب امارات بھارت کو آکسیجن کنٹینر فراہم کرے گا

 

خلیج اردو آن لائن:

متحدہ عرب امارات میں تعینات بھارت کے سفیر کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے بھارت متحدہ عرب امارات سے آکسیجن کے کنٹینر حاصل کر رہا ہے تاکہ ہسپتالوں میں آکسیجن کی ترسیل یقینی بنا کر انسانوں جانوں کو بچایا جا سکے۔

بھارتی سفیر پاون کپور کا کہنا تھا کہ "ہم انجمادی ٹینک یو اے ای سے حاصل کرنے کے بعد بذریعہ ہوائی جہاز بھارت بھیج رہے ہیں”۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی ایئرفورس کا سی 17 طیارہ 7 خالی آکسیجن کنٹینرز کو بھارت لانے کے لیے پیر کی صبح دبئی کے ایئرپورٹ پر لینڈ کر چکا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں کورونا کی شدید لہر کے باعث بھارت کا ہیلتھ سیکٹر بری طرح متاثر ہوا ہے۔ بھارت میں اس وقت یومیہ 3 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ جبکہ دوسری طرف مریضوں کے ہسپتالوں پر شدید بوجھ کے باعث ہسپتالوں میں آکسیجن کی کمی واقع ہوگئی ہے۔

آکسیجن کا بحران پیدا ہونے سے متعدد مریض مصنوعی سانس نے ملنے کے باعث دم توڑ رہے ہیں۔ دہلی کے متعدد ہسپتالوں میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی متعدد میتیں اپنی آخری رسومات کی ادائیگی کا انتظار کر رہی ہیں جبکہ سینکڑوں صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنے پیاروں کے لیے آکسیجن سیلنڈر حاصل کرنے کے لیے درخواستیں کی جا رہی ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں اس 35 لاکھ بھارتی باشندے مقیم ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں متحدہ عرب امارات نے بھارت کے ساتھ کھڑے ہونے کا نہ صرف اعلان کیا ہے بلکہ اس پر عمل بھی کر رہا ہے۔

بھارت کے یکجہتی کے اظہار کے لیے دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کو اتوار کے روز بھارتی پرچم کے رنگ میں رنگ دیا گیا۔

یاد رہے کہ ہفتے کے روز سعودی عرب کی جانب سے بھی 80 میٹرک ٹن آکسیجن بھارت بھجوائی گئی ہے۔

مزید برآں، بھارت کو اس بحران سے نمٹنے کے لیے پاکستان، چین، اور یوکے سمیت کئی ممالک نے مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Source: Khaleej Times

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button