خلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

ابوظہبی پر تازہ ترین حملے کے فوراً بعد متحدہ عرب امارات نے حوثی میزائل لانچر کو تباہ کر دیا۔

خلیج اردو: متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے یمن کیجانب سے ابوظہبی پر دو بیلسٹک میزائل داغنے کے فوراً بعد ایک لانچر کو تباہ کر دیا ہے۔

وزارت کی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ نے کہا کہ اس نے الجوف میں صبح 4.10 بجے (یمن کے وقت) بیلسٹک میزائل لانچر کو تباہ کرنے کے لیے F-16 کا استعمال کیا۔

دریں اثنا، پیر کے روز متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام نے حوثی دہشت گرد گروپ کی طرف سے داغے گئے میزائلوں کو روک کر تباہ کر دیا تھا، جسکے ٹکڑے ابوظہبی کے مختلف علاقوں میں گرے، تاہم،
کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں، "کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے اپنی مکمل تیاری” کی تصدیق کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ "متحدہ عرب امارات کو کسی بھی حملے سے بچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی”۔

گزشتہ ہفتے، یمن میں مقیم حوثی عسکریت پسندوں کی طرف سے ابوظہبی میں دو شہری تنصیبات پر مشتبہ ڈرون حملوں میں تین افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے جبکہ آتشزدگی کے ایک واقعہ کے باعث مصفحہ میں ادنوک کے تین فیول ٹینکرز میں دھماکے بھی ہوئے اور ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نئے تعمیراتی علاقے میں ایک اور معمولی آگ بھڑک اٹھی تھی۔

اس حملے نے پوری دنیا میں ہلچل مچا دی، جس پر عالمی رہنماؤں نے متفقہ طور پر اس کی مذمت کی اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

عرب لیگ نے اتوار کو کہا تھا کہ یمن کے ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کو دہشت گرد گروپ قرار دیا جانا چاہیے۔ اسی طرح جمعہ کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button