متحدہ عرب امارات

دبئی اور ابوظہبی کے حکمرانوں کی ملاقات،شہریوں کو مزید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا

خلیج اردو

دبئی:متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم  نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔المرمون میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماوں نے شہریوں کو زیادہ سے زادہ سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔

متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ابوظہبی کے ولی عہد سے ہونے والی ملاقات کی تصاویر ٹویٹر پر شئیر کیں۔انہوں نے لکھا کہ ہمارا رابطہ مضبوط ہے اور دونوں امارات کے مابین مشاروت جاری رہے گی۔انہوں نے مزید لکھا کہ اللہ کی رضا سے ہمارا مستقبل مزید روشن اور خوبصورت ہوگا۔

ابوظہبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھی سوشل میڈیا پر ملاقات کی جھلکیاں شئیر کیں۔دبئی کی حکومت کے میڈیا آفس کے مطابق دونوں رہنماوں نے ملاقات میں ملکی ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے گفتگو کی۔دونوں سربراہان کی ملاقات میں متحدہ عرب امارات میں جاری میگا پراجیکٹس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماوں نے ملکی ترقی کے مخلتف پہلوں پر غور کیا۔

دبئی حکومت کے میڈیا آفس نے مزید بتایا کہ ملاقات میں متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں نوجوان نسل کے کردار کو مزید فعال بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ملاقات میں دبئی ایکسپو 2020 پر بھی گفتگو کی گئی۔دونوں رہنماوں کا کہنا تھا کہ دبئی ایکسپو نے پوری دنیا کو ایک جگہ پر اکھٹا کر دیا جس سے ایک دوسرے کو جاننے کا موقع ملا ہے۔

اس سے قبل دونوں رہنماوں کے مابین ابوظہبی میں رواں ماہ کے آغاز میں بھی ملاقات ہوئی تھی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button