پاکستانی خبریںخلیجی خبریں

وفاقی حکومت کی جانب سے حج پالیسی 2022 جاری کر دی گئی ، اخراجات ، پروازوں سے متعلق تمام تفصیلات بھی جاری

خلیج اردو
اسلام آباد : رواں سال حج 8 لاکھ 50 ہزار روپے کا ہوگا، وزارت مذہبی امور کی سمری وفاقی کابینہ نے منظور کر لی۔۔ جس کے مطابق رواں سال سرکاری سطح پر حج اخراجات فی کس 8 لاکھ 50 ہزار روپے ہوں گے۔

سمری کے مطابق رواں سال مجموعی طور پر 81 ہزار 132 پاکستانی فریضۂ حج ادا کریں گے جن میں 32 ہزار سرکاری اور 48 ہزار حجاج پرائیویٹ طور پر فریضۂ حج ادا کریں گے۔ اگرچہ سعودی عرب کی جانب سے فی الحال تخمینہ نہیں ملا تاہم حکومت نے سفارتخانے کی جانب سے ملنے والی معلومات کے مطابق رواں سال حج اخراجات 8 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کئے ہیں جبکہ سال 2020 میں سرکاری سطح پر حج اخراجات 4 لاکھ 35 ہزار روپے تھے۔

جن افراد کے نام قرعہ اندازی میں نکلے انہیں کابینہ سے اخراجات کی منظوری کے بعد مطلع کیا جائے گا۔ حج کے خواہشمندوں کو تین روز میں تمام اخراجات بینکوں میں جمع کرانے ہوں گے تاکہ انتظامات کو حتمی شکل دی جاسکے۔

دوسری جانب قومی ایئرلائن نے حج آپریشن 2022 کا شیڈول جاری کردیا جس کے مطابق، پی آئی اے لاہور، سیالکوٹ،اسلام آباد ، ملتان،رحیم یار خان، سکھر، پشاور ، کراچی سےحج فلائیٹ آپریٹ کرے گا۔

پی آئی اے 31 مئی سے حج آپریشن کا آغاز کرے گا۔ پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن 297 پروازوں کے ذریعے 31 مئی تا 13 اگست جاری رہے گا۔

وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے 1 بوئنگ 777 اور 1 ائیربس 320 کو طویل مدتی سٹوریج سے نکالنے کی ہدایت کی۔ عاشورہ اور اربعین کے موقع پر پی آئی اے دمشق اور نجف کی اضافی پروازیں چلانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

کارگو کے شعبے پر خصوصی توجہ اور اس کے فروغ کیلئےٹھوس اقدامات پر مشتمل سفارشات لے کر آنے کا بھی کہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا اضافی جہازوں سے فضائی آپریشن کو تقویت ملے گی اور نیٹ ورک کی وسعت میں مددگار ثابت ہو گی۔

پاکستانی سیاحوں کی سہولت کی خاطر پی آئی اے نے باکو (آذربائجان) کی پروازوں کو بھی دگنا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کیلئے سکردو، گلگت اور چترال کی پروازوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جارہا ہے

اسکردو کی ہفتہ وار 18، گلگت کی ہفتہ وار 24 اور چترال کی ہفتہ وار 2 پروازیں لگائی جارہی ہیں جنہیں مختلف شہروں سے منسلک کیا جارہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button