پاکستانی خبریں

پاک فوج کا سیلاب متاثرین کی بھرپور امداد، بحالی اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم

خلیج اردو

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ملکی داخلی سلامتی، بیرونی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کمانڈرز نے سیلاب متاثرین کی بھرپور امداد، بحالی اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا۔

 

افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز میں 251ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں شرکاء کو خارجہ اور داخلی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ملک بھر میں سیلاب متاثرہ علاقوں کی صورتحال، آرمی فارمیشنز کی امدادی سرگرمیوں پر غور کیا گیا۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق کے مطابق سپہ سالار نے ہنگامی بنیادوں پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں اہم راستوں اور مواصلاتی ڈھانچے تک رسائی کی بحالی میں آرمی انجینئرز اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے کام کی تعریف کی، آرمی چیف نے مصیبت میں گھرے افراد کی مدد، تکالیف کم کرنے کے لیے فارمیشنز کے کام کی تعریف کی، جنرل باجودہ نے پاک آرمی کے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں کاوشوں، بیماریوں کا پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات، متاثرین خصوصاً بچوں، خواتین کو ہنگامی طبی امداد کی فراہمی کو قابل ستائش قرار دیا. آرمی چیف نے فارمیشنز کو ہدایات دیں کہ امداد، بحالی، تعمیر نو پر توجہ دیں اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں معمولات زندگی بحال کرنے میں مدد کی جائے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے دفاعی اور تذویراتی سلامتی کے ماحول کا تفصیلی جائزہ لیا، سرحدی صورتحال، داخلی سلامتی اور فوج کے پیشہ ورانہ امور پر توجہ مرکوز کی گئی، اس موقع پر کور کمانڈرز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پھر سے سر اٹھاتی دہشتگردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، آرمی چیف نے ہدایت کی کہ فارمیشنز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ مل کر دہشتگردوں کے خلاف موثر کارروائی کریں، اس موقع پر سپہ سالار کا فارمیشنز آپریشنل تیاریوں پر اظہار اطمینان جبکہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کی.

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button