متحدہ عرب امارات

ابوظبی: ایس او پیز کی خلاف ورزی پر نجی سکولوں پر ڈھائی لاکھ درہم تک جرمانہ

ابوظبی محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ ریاست میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے نجی سکولوں پر ڈھائی لاکھ درہم تک جرمانہ ہوگا۔
محکمے کے انسپکٹرز نجی سکولوں، تعلیمی شراکت والے سکولوں اور کنڈر گارٹن پر چھاپہ مہم جاری رکھیں گے۔ کووڈ 19 سے بچاؤ کے لیے مقرر اقدامات اور سکولوں کی بحالی کی شرائط کی پابندی کرائیں گے۔

الامارات الیوم کے مطابق محکمہ تعلیم نے بیان میں کہا کہ انسپکٹرز 221 سکولوں اور 119 کنڈر گارٹن میں چھاپے ماریں گے۔
محکمہ تعلیم نے تمام سکولوں میں صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے 62 ایس او پیز مقرر کیے ہیں۔ صفائی، سینیٹائزنگ، بارہ برس سے زیادہ عمر کے طلبہ کی اطلاع، اساتذہ و عملے میں وائرس سے متاثرین کی اطلاع، کلاس روم میں طلبہ کی مقررہ تعداد کی پابندی، نجی تحفظ کے آلات کی فراہمی، ماسک اور سماجی رابطے وغیرہ کی تاکید کی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم نے توجہ دلائی کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے سکولوں پر تدریجی جرمانے ہوں گے۔ شروعات دس ہزار درہم سے ہوگی۔ انتہائی حد ڈھائی لاکھ درہم ہوگی۔ ایک سے زیادہ بار خلاف ورزی پر سکول بند کرکے آن لائن تعلیم کا پابند بنادیا جائے گا۔ ایسی صورت میں والدین اپنے بچوں کو دوسرے سکول میں بھی منتقل کرسکیں گے۔ کنڈر گارٹن ایک ہفتے کے لیے آن لائن ہوگی۔ اصلاح حال کے بعد دوبارہ کھولنے کی اجازت ہوگی۔ خلاف ورزی کے حوالے سے جرمانہ بھی ہوسکتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button