متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات:فراڈ اور دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار گینگ کو منی لانڈرنگ کے مقدمے کا بھی سامنا کرنا ہوگا

خلیج اردو

شارجہ:متحدہ عرب امارات کی پبلک پراسیکیوشن نے منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار نو افراد پر مشتمل گینگ کو ٹرائل کے لئے عدالت بھیج دیا۔حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے تمام افراد چوری اور فراڈ سے ملنے والی رقم منی لانڈرنگ میں استعمال کرتے تھے۔

شارجہ پبلک پراسیکیوشن ٹیم کی تحقیقات کے مطابق نوافراد پر مشتمل یہ گینگ ورکرز کو نشانہ بناتا تھا۔ملزمان ورکرز کے ناموں پر سم کارڈز نکلوانے کے ساتھ ساتھ انکے نام پر بینک اکاونٹس کھلواتے تھے اور اے ٹی ایم کارڈز بھی حاصل کرتے تھے۔
ملزمان ان تمام اکاونٹس کو آن لائن ایپس کے ذریعے چلاتے تھے۔

پبلک پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان بینک ملازمین بن کر بینک ڈیٹا کو اپ ڈیٹ کرنے یا انعامی رقم کی پیشکش دے کر ورکرز کو بلاتے اور اکاؤنٹس سے متعلق تمام تفصیلات ان سے معلوم کرتے تھے۔ورکرز کے بینک اکاؤنٹس کی مکمل تفصیلات ملنے کے بعد یہ ملزمان ان اکاؤنٹس میں موجود پیسے اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کر دیتے تھے۔بعد ازاں یہ رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے ملک سے باہر بھجوائی جاتی تھی۔

حکام نے انکشاف کیا کہ ملزمان نے بینک کی جعلی مہریں بھی بنا رکھی تھی۔استغاثہ کے مطابق عدالت سے ملزمان کو زیادہ سے زیادہ سزا دینے کی استدعا کی جائے گی۔

متحدہ عرب امارات کے انسداد منی لانڈرنگ قانون کے مطابق منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کو قید کے ساتھ ساتھ تین لاکھ سے لے کر دس ملین درہم تک جرمانے کی سزا کا سامنا بھی کرنا ہوگا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button