متحدہ عرب امارات

دُبئی میں بھارتی نوسرباز گینگ نے پاکستانی ملازم کے نام پر بڑا فراڈ کر ڈالا

دُبئی میں ایک نوسرباز بھارتی گینگ نے انتہائی انوکھے طریقے سے ایک آن لائن کمپنی سے بڑا فراڈ کر ڈالا۔ ملزمان نے اس مقصد کے لیے ایک پاکستانی ملازم کا گمشدہ کارڈ استعمال کیا اور پھر انتہائی مہارت سے گودام سے 52ہزار درہم کاقیمتی سامان لے اُڑے۔ ملزمان نے کورونا کی وبا کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے چہروں پر ماسک پہن رکھے تھے۔

جس کی وجہ سے گودام والے ان کے چہرے بھی نہ دیکھ پائے۔ یہ واردات انجام دینے کے لیے آن لائن کمپنی کے بھارتی ملازم نے اپنے تین ہم وطنوں کو چوری شدہ اماراتی شناختی کارڈ دیئے۔ اور پھر ان کو سامان گودام سے ڈیلیوری مینوں تک پہنچانے کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا۔جس کے بعد یہ ملزمان چوری شدہ اماراتی شناختی کارڈ استعمال کرتے ہوئے دو کمپنیوں کے نام پر دیا گیا آرڈر کا سامان لے اُڑے جس میں موبائل فون اور کیمرے شامل تھے۔

جب کمپنیوں کو آرڈر نہ پہنچا تو انہوں نے آن لائن کمپنی کو فون کیا جس پر اس بڑی دھوکا دہی کا انکشاف ہوا۔ آن لائن شاپنگ کمپنی کے ایک ملازم کا کہنا تھا کہ ایک شخص گودام میں سامان لینے کے لیے آیا جس نے وہی کارڈ دکھایا جو ایک پاکستانی ملازم کی ملکیت تھا۔ اس ملازم سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے بتایا کہ اس کا ایک کارڈ 2019ء میں گم ہو گیا تھا۔ جس کے بعد ا س نے نیا کارڈ جاری کروایا تھا۔

اس کا اس معاملے سے تعلق نہیں ہے۔ تفتیش کے بعد گودام میں آنے والے تینوں ملزمان گرفتار ہو گئے۔ تاہم مرکزی ملزم بھارت فرار ہو چکا ہے۔ ملزمان نے بتایا کہ انہیں اس واردات کے لیے صرف پانچ، پانچ سو درہم کی رقم دی گئی تھی۔ انہوں نے یہ چوری کرنے کے لیے ایک پاکستانی ڈلیوری مین کا گمشدہ اماراتی کارڈ استعمال کیا۔ استغاثہ کی جانب سے تینوں ملزمان پر جعلی سازی اور 52 ہزار درہم مالیت کا سامان چرانے کے الزامات عائد کر دیئے گئے ہیں۔ اگلی سماعت میں اس کیس کا فیصلہ متوقع ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button