متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات کورونا کو شکست دینے کے اور قریب ہو گیا

مملکت میں 58 لاکھ سے زائد افراد کو کورونا ویکسین لگادی گئی ہے،شفایاب افراد کی گنتی 3 لاکھ 75 ہزار ہو گئی

متحدہ عرب امارات بھی کورونا کی عالمی وبا کی لپیٹ میں ہے تاہم موثر احتیاطی اقدامات کے باعث اس خلیجی مملکت میں کورونا کی وہ تباہ کاریاں نہیں ہوئی، جن کا امریکا اور یورپ کے بیشتر ممالک کو نشانہ بننا پڑا ہے۔ اگرچہ کچھ لوگوں کی بے احتیاطی کی وجہ سے گزشتہ کچھ ہفتوں کے دوران کورونا کیسز کی یومیہ گنتی 3 ہزار سے بڑھ چکی ہے، تاہم سخت اقدامات کیے جانے کے بعد اب یومیہ کیسز میں نمایاں کمی آرہی ہے۔

متحدہ عرب امارات کی آبادی ایک کروڑ سے زائد ہے ۔ اس حوالے سے اچھی خبر یہ ہے کہ اب دو ماہ کے اندر 58 لاکھ سے زائد افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ جس سے یہ اُمید پیدا ہو گئی ہے کہ اگلے چند ماہ کے اندر متحدہ عرب امارت سے کورونا کی وبا کا صفایا ممکن ہو جائے گا۔
اماراتی وزارت صحت کے مطابق مملکت میں تقریباً 58فیصد افراد کو ویکسین لگا دی گئی ہے جن میں مقامی اور تارکین وطن دونوں شامل ہیں۔

ویکسی نیشن کی یہ رفتار دُنیا بھر میں بہترین قرار دی گئی ہے۔ وزارت صحت نے بتایا ہے کہ25 فروری 2021ء تک مملکت میں 58 لاکھ 46 ہزار 36 افراد کو کورونا ویکسین دی جا چکی ہے۔ کورونا وبا سے شفایاب ہونے والوں کی گنتی میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ اب تک 3 لاکھ 75 ہزار 59 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق گزشتہ روز جمعرات کوکورونا کے مزید 3,025 کیسز سامنے آئے جبکہ 4,678 افراد صحت یاب ہوئے۔

24 گھنٹوں میں 18 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کورونا متاثرین کی کُل گنتی 3 لاکھ 81 ہزار 662 ہوگئی ہے۔‘جبکہ 18 اموات کے بعد مرنے والوں کی گنتی 1,182 ہو گئی ہے۔دوسری جانب یومیہ کورونا ٹیسٹنگ میں بھی تیزی لائی گئی ہے۔ جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 95 ہزار 866 افراد کے کورونا ٹیسٹ لیے گئے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button