متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں کرونا کیسز میں اضافے کے باوجود مکمل لاک ڈاؤن نہیں لگایا جائے گا،وزیر برائے بیرونی تجارت

خلیج اردو: ابوظہبی:متحدہ عرب امارات میں کرونا اور امیکرون کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔حکومت کی جانب سے حفاظتی انتظامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے سختیاں کی جارہی ہیں تاہم وزیر برائے بیرونی تجارت ڈاکٹر تھانی الزیودی نے مکمل لاک ڈاؤن کے امکان کو مسترد کردیا۔

ڈاکٹر تھانی الزیودی نے کہا کہ کرونا وائرس کا اومیکرون ویرئنٹ ڈیلٹا کے مقابلے میں کم موثر ہے۔متحدہ عرب امارات میں صحت کی سہولیات بہترین ہونے کے باعث ڈیلٹا ویرئنٹ کے پھیلاو کے دوران بھی مکمل لاک ڈاون نہیں لگایا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم اب مزید لاک ڈاؤن میں نہیں رہ سکتے ۔اب ہمیں نارمل زندگی کی جانب لوٹنا ہوگا۔

وزیر برائے بیرونی تجارت نے کہا کہ 2021 میں کورونا پابندیوں کے باوجود متحدہ عرب امارات کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن رہی۔امید ہے کہ 2022 میں بھی ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔ڈاکٹر تھانی الزیودی نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات نے گزشتہ برس اپنی گولڈن جوبلی منائی جبکہ لاکھوں سیاحوں کو دبئی ایکسپو 2020 میں خوش آمدید کہا۔

وزیر برائے بیرونی تجارت نے دیگر معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں رئیل اسٹیٹ اور ای کامرس کے شعبے بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سب سے موزوں ہیں۔ڈاکٹر تھانی الزیودی نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ ڈیل دو ماہ تک فائنل ہوجائے گی۔بھارت کے ساتھ تجارتی ڈیل کے حوالے سے بھی معاملات آخری مراحل میں ہیں۔انہوں نے ترکی کے ساتھ بھی تجارت کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button