عالمی خبریں

افغان طالبان نے آرمی کور ہیڈ کوارٹر سمیت 2 ائیرپورٹس پر قبضہ کرلیا

خلیج اردو: افغان طالبان نے اہم صوبائی دارالحکومتوں پر قبضے کے بعد فوج کے کور ہیڈ کوارٹر سمیت مزید 2 ائیرپورٹس پر قبضہ کرلیا۔

افغان میڈیا کے مطابق طالبان فاراہ، بدخشاں اور صوبہ بغلان کے بعد اب قندوز ائیرپورٹ پر قابض ہوگئے ہیں جب کہ طالبان نے افغان نیشنل آرمی کے 217 پامر کور ہیڈکوارٹر کا بھی کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

طالبان نے پہلی مرتبہ کسی فوجی ہیڈکوارٹر پر قبضہ کیا
افغان میڈیا کا بتانا ہےکہ طالبان پہلی مرتبہ کسی فوجی کور ہیڈکوارٹر پر قابض ہوئے ہیں جب کہ طالبان کی جانب سے قندوز ائیرپورٹ پر موجود ایک فوجی ہیلی کاپٹر کو بھی قبضے میں لیا گیا ہے جسے ناکارہ بتایا جاتا ہے۔

افغان میڈیا کا کہناہے کہ قندوز ائیرپورٹ اور کور ہیڈکوارٹرز پر حملے کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں جس میں افغان فوجیوں کو طالبان کے سامنے ہتھیار ڈالتے دیکھا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان نے جوزان شہر کے شبرغان ائیرپورٹ کا کنٹرول بھی حاصل کرلیا ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بدخشاں میں سکیورٹی فورسز نے کچھ اضلاع میں پہنچنے کی کوشش کی لیکن اس دوران انہیں طالبان کی شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا جس میں کچھ ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق طالبان کی جانب سے 9 صوبائی دارالحکومتوں پر قبضے کے بعد حکومت نے سکیورٹی لیڈر شپ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے اور کئی کور کمانڈرز کو تبدیل کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک رکن اسمبلی کی جانب سے بھی قندوز ائیرپورٹ اور کورہیڈ کوارٹر کے تمام سازو سامان کے ساتھ طالبان کے قبضے میں جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button