عالمی خبریں

افریقہ میں جان لیوا ماربرگ وائرس دو افراد کی جان لے گیا

خلیج اردو: افریقائی ملک گھانا میں جان لیوا وائرس ماربرگ سے شدید انفیکشن کا شکار 2 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائیزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہاگیا ہے کہ گھانا نے جان لیوا ماربرگ وائرس کے شکار 2 افراد کی موت کی تصدیق کردی ہے۔

جولائی کے آغاز میں گھانا کے 2 شہریوں کے خون کے نمونے لیے گئے تھے کیونکہ ماہرین کو شبہ تھا کہ وہ ماربرگ وائرس کے شکار ہیں۔

ان نمونوں کو سینیگال بھیجا گیا جہاں بیماری کی تصدیق ہوئی، یہ پہلی بار ہے جب مغربی افریقی ملک میں ایبولا جیسی اس بیماری کو دریافت کیا گیا ہے۔

ماربرگ وائرس سے متاثر افراد کے لیے کوئی علاج یا ویکسین دستیاب نہیں اور یہ بیماری ایبولا جتنی ہی جان لیوا ثابت ہوتی ہے۔

تیز بخار اور جسم کے مختلف حصوں سے خون کا اخراج اس بیماری کی علامات ہیں، اولین کیسز کی تصدیق کے بعد مریضوں کے رابطے میں رہنے والے 98 افراد کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

ماربرگ وائرس جانوروں بشمول چمگادڑ سے انسانوں میں پھیلتا ہے اور اب تک افریقا میں انگولا، کینیا، جنوبی افریقا، جمہوریہ کانگو اور یوگنڈا میں اس کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

اس بیماری میں مریض کو اچانک تیز بخار اور سردرد کی شکایت ہوتی ہے، جبکہ اس کے شکار افراد میں اموات کی شرح 24 سے 88 فیصد ہوتی ہے، جس کا انحصار وائرس کی قسم پر ہوتا ہے

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button